11 ستمبر ، 2024
دنیا کی مہنگی ترین گھڑیوں کی برانڈ کے مالک جیکب ایریبو کی جانب سے بالی وڈ دبنگ سلمان خان کو گھڑی پہنائے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
جیکب ایریبو دنیا کی مہنگی ترین گھڑیوں کی برانڈ جیکب اینڈ کو کے مالک ہیں، دنیا کی امیر ترین شخصیات مثلاًمارک زکر برگ اور مکیش امبانی جیسے لوگ اس برانڈ کی گھڑ یوں کا انتخاب کرتے ہیں۔
سلمان خان کی وائرل ویڈیو جیکب ایریبو کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی ہے جس میں انہیں اداکار کو اپنے برانڈ کی بیش قیمت گھڑی ’ Billionaire III ‘ پہناتے دیکھاجاسکتا ہے، اس گھڑی میں چمکتے سیکڑوں ہیروں کو دیکھ کر ہی اس کی قیمت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
ویڈیو کے کیپشن میں جیکب ایریبو نے لکھا ’میں نے کبھی کسی کو اپنی یہ گھڑی ٹرائی کرنے نہیں دی لیکن سلمان خان کیلئے میں نے یہ کیا‘۔
جیکب اینڈ کو کی بلینیئر III گھڑی دنیا کی مہنگی ترین گھڑیوں میں سے ایک ہے جس کی قیمت بھارتی میڈیا پر 41 کروڑ 98 لاکھ بھارتی روپے بتائی گئی ہے۔
سوال یہ ہے کہ بلینیئر III گھڑی کی قیمت اتنی زیادہ کیوں ہے؟
میڈیا رپورٹس کے مطابق بلینیئر III گھڑی کو 152 قیراط کے زمرد کے انداز سے کٹے ہوئے ہیروں سے تیار کیا گیا ہے جس کی ہر جگہ 76 ہیرے نصب ہیں، گھڑی کے ڈائل کو ایک منفرد ڈیزائن کے ساتھ تیار کیا گیا ہے یہ منفرد ڈیزائن گھڑی کے پیچیدہ اندرونی نظام کو واضح کرتا ہے۔
بلینیئر III کے بریسلیٹ پر 504 ہیرے نصب ہیں جب کہ مکمل گھڑی کو 704 قیمتی ہیروں کےساتھ تیار کیا گیا ہے۔