Time 12 ستمبر ، 2024
پاکستان

کراچی میں قائم غیرقانونی گیس سلنڈرز، پیٹرول شاپس فی الفور سیل کی جائیں: گورنر سندھ

کراچی میں قائم غیرقانونی گیس سلنڈرز، پیٹرول شاپس فی الفور سیل کی جائیں: گورنر سندھ
فوٹو: فائل

گورنر سندھ نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں قائم غیرقانونی گیس سلنڈرز، پیٹرول شاپس فی الفور سیل کی جائیں۔

کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں رہائشی عمارت کے نیچے پیٹرول پمپ پر آتشزدگی کے مقام کے دورے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائیں گے، ملوث عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری انتظامیہ  اور موقع پر موجود لوگوں سے  بات ہوئی، ان کا موقف دوسرا ہے، یہاں پر عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ غیرقانونی پمپ پہلے بھی دو بار سیل ہوچکا ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ عینی شاہدین کہتے ہیں شاہ فیصل کالونی میں اور چار مقامات پر ایسے ہی پیٹرول فروخت ہورہا ہے، شہر میں ایسی دکانیں قتل کرنے کا لائسنس رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعے پر شفاف انکوائری ہونی چاہیے،آئی جی سندھ اور کمشنر کراچی کو کہتا ہوں اس کی انکوائری کریں، انتظامیہ کو کہا ہے کہ جو باقی غیرقانونی پیٹرول کی دکانیں ہیں انہیں بند کروایا جائے۔

کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ اس غیرقانونی پیٹرول پمپ مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور اسے گرفتار کیا جائے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ یہ شہر ہمارا ہے ہم اس شہر کے بیٹے ہیں، میں متاثرین کو گورنر ہاؤس بلا کر اپنی حیثیت میں فلیٹ اور دکانوں کا نقصان پورا کرنے کی کوشش اور جو مدد کرسکا کرونگا۔

گورنر سندھ نے آتشزدگی سے متاثرہ عمارت اور دکانوں کا جائزہ لیتے ہوئے آئی جی سندھ اور کمشنر کراچی سے دو دن میں واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی نمبر تین میں رہائشی عمارت کے نیچے قائم پیٹرول پمپ میں آگ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ 10 سے زائد موٹر سائیکلیں جل گئیں۔

شاہ فیصل کالونی میں واقع رہائشی عمارت کے نیچے دکان میں پیٹرول پمپ میں آگ لگنے کی اطلاع ملنے پر ابتدا میں فائربریگیڈ کی تین گاڑیاں موقع پر پہنچیں مگر آگ بے قابو ہوکر عمارت اور نیچے بنی دکانوں تک پھیلی تو مزید دو فائر ٹینڈر موقع پر پہنچ گئے۔

مزید خبریں :