Time 12 ستمبر ، 2024
دنیا

غزہ میں اقوام متحدہ کے اسکول پر اسرائیلی بمباری میں ’انروا‘ کے 6 اہلکار شہید

غزہ میں اقوام متحدہ کے اسکول پر اسرائیلی بمباری میں ’انروا‘ کے 6 اہلکار شہید
فوٹو: ای پی اے

اقوام متحدہ کی ایجنسی انروا نے کہا ہے کہ وسطی غزہ میں یو این کے ماتحت ایک اسکول پر اسرائیلی حملے میں ایجنسی کے 6 اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔

اپنے بیان میں انروا کا کہنا تھا کہ ایک ہی حملے میں 6 اہلکاروں کی شہادت غزہ میں اسرائیلی جنگ کے آغاز سے  اب تک کسی بھی حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں میں سب سے زیادہ ہے۔

اس سے قبل غزہ کے سول ڈیفنس ایجنسی کے ماتحت النصیرات کیمپ میں اسپتال کا کہنا تھا کہ یو این کے الجونی اسکول پر اسرائیلی حملے میں 14 افراد شہید ہوگئے ہیں، اسکول میں ہزاروں بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لی ہوئی ہے۔

انروا کا کہنا تھا کہ یہ گزشتہ 11 ماہ کے دوران پانچویں مرتبہ ہے جب اسرائیلی افواج کی جانب سے بے گھر فلسطینیوں کیلئے پناہ گاہ بنے اقوام متحدہ کے اسکول پر حملہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے بیان جاری کرتے ہوئے غزہ میں سویلینز اور اقوام متحدہ کی فیسلٹیز پر اسرائیل کے ہوائی حملوں کی مذمت کی ہے۔

دوسری جانب اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ اقوام متحدہ کے اسکول میں حماس کے جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا ہے تاہم حماس نے اسرائیلی دعواؤں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ حماس اقوام متحدہ کے اسکول کو کسی بھی مقصد کیلئے استعمال نہیں کرتی۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 41 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کے باعث لاکھوں افراد بے گھر ہوکر کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبور ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ اسرائیلی حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے۔

مزید خبریں :