13 ستمبر ، 2024
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 171 رحیم یار خان میں ضمنی انتخاب کا غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ آگیا جس کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار نے میدان مار لیا ہے۔
این اے 171 رحیم یار خان میں ضمنی انتخاب کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلزپارٹی کے مخدوم طاہر رشید الدین ایک لاکھ 16 ہزار 429 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔
پاکستان تحریک انصاف کے حسان مصطفیٰ نے 58 ہزار 251 ووٹ حاصل کیے۔
جمعرات کو پولنگ کا عمل صبح 8 سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا، حلقہ این اے 171 سے پیپلزپارٹی کے مخدوم طاہر رشید الدین اور پی ٹی آئی کے حسان مصطفیٰ کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع تھی جب کہ اس حلقے میں4 دیگر آزاد امیدوار بھی انتخابی میدان میں تھے۔
حلقے میں 301 پولنگ اسٹیشن ہیں جن کی سکیورٹی کیلئے 2700 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے۔
واضح رہے یہ نشست پی ٹی آئی کے ایم این اے ممتاز مصطفیٰ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی اور اس حلقے میں کُل ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 26 ہزار 973 ہے۔