12 ستمبر ، 2024
پاکستان نے میزبان چین کو ایک کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
چین میں جاری ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں پاکستان نے شروع سے ہی میزبان چین کو دباؤ میں رکھا۔ پہلے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی ، دوسرے کوارٹر کے آٹھویں منٹ میں حنان شاہد کے خوبصورت پاس پر عبدالرحمٰن نے گول کرکے پاکستان ٹیم کو برتری دلائی۔
تیسرے کوارٹر میں بھی پاکستان ٹیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 11ویں منٹ میں ندیم احمد نے گول کرکے پاکستان کی برتری دگنی کردی۔ تیسرے کوارٹر کے اختتام سے قبل پاکستان کو پنالٹی اسٹروک ملا لیکن کپتان عماد بٹ نے سنہری موقع ضائع کر دیا۔
چوتھے کوارٹر کے شروع ہوتے ہی حنان شاہد نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے پاکستان کو تین صفر کی برتری دلا دی۔ پھر کچھ دیر بعد چین کے چینگ ہنگ نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے مقابلہ تین ایک کردیا۔
میچ کے اختتام سے چار منٹ قبل پاکستان نے اوپر نیچے مزید دو گول کیے۔
ندیم احمد نے میچ میں اپنا دوسرا گول کیا جبکہ میچ ختم ہونے سے 15 سیکنڈ قبل حنان شاہد بھی اپنا دوسرا اور ٹیم کا پانچواں گول کرنے میں کامیاب ہوئے۔
یوں پاکستان نے میزبان چین کو ایک کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی یہ دوسری کامیابی ہے۔
اب پاکستان ہاکی ٹیم ہفتے کو روایتی حریف بھارت کے مدمقابل ہوگی۔ بھارتی ٹیم ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے۔