13 ستمبر ، 2024
شہد میں ایک قدرتی مٹھاس ہے جس میں قدرت نے شفا رکھنے کے ساتھ ساتھ بے شمار فوائد رکھے ہیں۔
اسے شہد کی مکھیوں کے چھتے سے حاصل کیا جاتا ہے جو مختلف پھولوں کا رس چوس کر شہد بناتی ہیں۔
شہد وٹامن بی، کیلشیم، میگنیشیم اور پوٹاشیم کے ساتھ چینی (فرکٹوز اور گلوکوز) کا بھرپور ذریعہ ہے جب کہ اس میں اینٹی آکسیڈینٹ بھی بھاری مقدار میں پایا جاتا ہے۔
شہد کو لوگ مختلف طریقے سے کھاتے ہیں لیکن شہد کو مندرجہ ذیل چیزوں کے ساتھ نہیں کھانا چاہیے۔
شہد اور گرم پانی
ماہرین کی جانب سے شہد کو گرم پانی یا پانی میں ابال کر پینے سے منع کیا گیا ہے کیونکہ جب شہد کو گرم کیا جاتا ہے تو وہ اپنی خاصیت کھو دیتا ہے جس کی وجہ سے آپ کا پیٹ خراب ہوسکتا ہے۔
شہد اور لہسن
ماہرین شہد کو لہسن کے ساتھ استعمال کرنے سے سختی سے منع کرتے ہیں جو کھانا ہضم کرنے میں مشکلات پیدا کر سکتا ہے اور ساتھ ہی پیٹ میں گیس کا سبب بھی بن سکتا ہے۔
شہد اور کھیرا
ماہرین کے مطابق کھیرا اور شہد دو مختلف تاثیر والی غذائیں ہیں، کھیرا قدرتی طور پر ٹھنڈی اور شہد گرم تاثیر رکھتا ہے، اگر ان دونوں کو ملا کر کھایا جائے تو یہ آپ کے پیٹ کو خراب کرسکتا ہے۔
شہد اور گھی
شہد اور گھی ایک دوسرے سے مختلف خصوصیت کے حامل ہوتے ہیں جنہیں ایک ساتھ استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ یہ بھی آپ کو پیٹ کے مسائل سے دوچار کرسکتے ہیں۔