Time 13 ستمبر ، 2024
دنیا

ایک کروڑ لو ملک چھوڑو، یورپی ملک کی تارکین وطن کو واپس اپنے ملک بھیجنے کیلئے پرکشش آفر

ایک کروڑ لو ملک چھوڑو، یورپی ملک کی تارکین وطن کو واپس اپنے ملک بھیجنے کیلئے پرکشش آفر
سویڈن کی جانب سے تارکین وطن کو اپنے آبائی ممالک بھیجنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔—فوٹو: فائل

یورپی ملک سویڈن نے رضاکارانہ طور پر اپنے ملک واپس جانے والے  تارکین وطن کیلئے  معاوضے میں بڑے اضافے کا اعلان کیا ہے۔ 

سویڈن کئی عرصے سے دیگر ممالک کے شہریوں کو پناہ دینے کی وجہ سے’ہیو مینیٹیرین سپر پاور‘ کے طور پر بھی جانا جا تا ہے لیکن اسے اب حالیہ کچھ برسوں میں  تارکین وطن کو سنبھالنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

اس لیے سویڈن کی جانب سے تارکین وطن کو اپنے آبائی ممالک بھیجنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اب سویڈن کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ ان تارکین وطن کے لیے مالی مراعات میں نمایاں اضافہ کر رہے ہیں جو رضاکارانہ طور پر اپنے آبائی ممالک واپس جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق سویڈن کے مائیگریشن وزیر  نے بتایا کہ 2026  سے رضاکارانہ طور پر اپنے آبائی ممالک کو واپس جانے والے تارکین وطن 34 ہزار ڈالرز( تقریباً ایک کروڑ پاکستانی روپے) معاوضہ حاصل کرنے کے اہل ہوں گے۔

اس اقدام کا مقصد مزید تارکین وطن کو اپنے آبائی ممالک میں واپس جانے کی ترغیب دینا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس وقت سویڈن میں اپنے آبائی ممالک واپس جانے پر ایک تارکین وطن بالغ شخص کو  تقریباً 980 ڈالر گرانٹ دی جاتی ہے۔

سویڈن ڈیموکریٹس کے ایک رہنما نے بتایا کہ یہ گرانٹ 1984 سے دی جارہی ہے لیکن اس کے بارے میں کم لوگ ہی جانتے ہیں۔ اس میں ملنے والا معاوضہ بہت کم ہے اس کی وجہ سے  کم ہی لوگ اسے استعمال کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ 1990 کی دہائی سے سویڈن نے  شام، افغانستان، صومالیہ، ایران اور عراق سے بہت سے تارکین وطن کو پناہ دی لیکن ان تارکین وطن کو اپنے معاشرے میں اکھٹا کرنے اور ان کا بوجھ اٹھانے سمیت اس یورپی ملک کو اب مسلسل چیلنجز کا سامنا ہے۔ 

تاہم اب تارکین وطن کو اپنے ملک واپس بھیجنے کے لیے ان کے معاوضے میں بڑے اضافے کی وجہ سے سویڈن کی مشکلات میں کمی ہوسکتی ہے ۔

مزید خبریں :