Time 15 ستمبر ، 2024
پاکستان

آئینی ترمیم کیلئے نمبر پورے ہیں، اتحادیوں کے علاوہ بھی کچھ ووٹ ملیں گے: خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیردفاع خواجہ آصف نےکہا ہے کہ آئینی ترمیم کے لیے نمبر گیم پوری ہے اور اس حوالے سے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے کچھ تحفظات تھے جنہیں دور کر لیا گیا ہے۔

جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ یقینی بنارہے ہیں کہ تمام اتحادی جماعتوں کے ارکان اجلاس میں موجود ہوں، مولانا اور اتحادی جماعتوں کے علاوہ بھی کچھ ووٹ ہیں جو ملیں گے اور وہ آئینی اور قانونی طور پر کسی اور کے پابند نہیں ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ آئینی پیکج آج منظور ہو جائے گا اور اس ترمیم کے پاس ہونے کے بعد پارلیمنٹ کے ماحول میں بہتری آئےگی، مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کردیےجس کے بعد اب نمبر گیم پوری ہے۔  

وزیر دفاع نے کہا کہ کل اپوزیشن کو غیبی مدد آئی ہے اس کے باوجود ہمیں کامیابی ملے گی، زیادہ تر ترامیم وہی ہیں جو کئی سال سے زیربحث ہیں، آئینی عدالت کا قیام،عدالتوں میں ججزکی تعداد میں اضافہ بل کا حصہ ہے۔ 

خواجہ آصف نے کہا کہ اگرعدلیہ زیادہ سے زیادہ اختیارات حاصل کرنے میں لگی رہے تو سائلین متاثر ہوتے ہیں، عدلیہ ایک محترم ادارہ ہے اسے بھی سوچنا چاہیے، توہین عدالت فوری لگادیتے ہیں یہ نہیں دیکھتے کہ توہین ہوئی بھی ہے یا نہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے فیصلے کے ذریعے آئینی ترمیم کا راستہ روکنے کی کوشش کی گئی، آئینی ترمیم تمام اداروں سے متعلق ہوگی اور یہ ٹھنڈی ہوا سب کو لگے گی۔ 

مزید خبریں :