16 ستمبر ، 2024
پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر اور چیمپئنز کپ میں ڈولفنز کی نمائندگی کرنے والے فہیم اشرف کا کہنا ہے کہ بطور پلیئر میں اپنی کارکردگی سے کبھی بھی مطمئن ہوکر نہیں بیٹھتا، میری ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ ہر بار پہلے سے بہتر کروں۔
فیصل آباد میں جاری چیمپئنز کپ میں فہیم اشرف ڈولفنز کی جانب سے ایکشن میں نظر آرہے ہیں۔
فہیم اشرف نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ کوشش یہی ہوتی ہے کہ جس ٹیم کیلئے کھیلوں اپنا بہترین دوں، جب تک دم ہے کرکٹ کھیل رہا ہوں، دم نہیں ہوگا تو کرکٹ چھوڑ دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ تمام بہترین پلیئرز ہی چیمپئنز کپ میں شرکت کر رہے ہیں، ہمیشہ سب کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنی سو فیصد پرفارمنس دیں، ہم سب کا کام پرفارم کرنا ہے، اس کے بعد جو ہونا ہے وہ ہمارے ہاتھ میں نہیں۔
فہیم اشرف کا کہنا تھا کہ چیمپئنز کپ سے سیزن کا آغاز ہے، یہ ہر پلیئر کیلئے کافی اہم ٹورنامنٹ ہے، ہر پلیئر کی کوشش ہوگی کہ اس ٹورنامنٹ میں اچھی پرفارمنس دے،کوئی کم بیک کی کوششش کرے گا، کوئی اس ٹورنامنٹ سے جگہ پکی کرنے کی کوشش کرے گا، نوجوان پلیئرز کیلئے یہ بہت اہم موقع ہے تاکہ وہ یہاں پرفارم کرکے نظروں میں آئیں۔
انہوں نے کہاکہ جو یہاں پرفارم کرے گا وہ سلیکٹر کی نظر میں بھی آئے گا اور فرنچائز کی توجہ بھی لے گا۔
اس کے علاوہ فہیم اشرف کا کہنا تھا کہ خواہش اور کوشش ہمیشہ یہی ہوتی ہے کہ ہر میچ میں اچھا پرفارم کروں، کوشش ہوگی کہ یہاں اچھا پرفارم کرکے چیمپئنز ٹرافی کیلئے قومی ٹیم میں کم بیک کروں۔
فہیم اشرف نے کہا کہ کبھی کبھار میچز دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ اس کنڈیشن میں کچھ کر سکتا تھا، جو نصیب میں ہوتا ہے، وہ ضرور ملتا ہے، اگر نصیب میں نہیں ہوتا تو نہیں ملتا ،کیریئر میں اپ اینڈ ڈاؤن ہوتا ہے، پیلئرز کو اپنا یقین نہیں چھوڑنا چاہیے، ایک اچھی کارکردگی آپ کیلئے تمام راہیں کھول دیتی ہیں، شاید میں نے بھی خود کے ٹیلنٹ سے انصاف نہیں کیا۔