Time 16 ستمبر ، 2024
دنیا

حوثیوں نے اسرائیل پر ہائپرسونک میزائل داغنے کی ویڈیو جاری کردی

صنعا: یمن کے حوثی گروپ نے گزشتہ روز اسرائیل پر ہائپر سونک میزائل داغنے کی ویڈیو جاری کردی۔

یمنی فوج کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں ہائپر سونک میزائل اور اسے داغے جانے کے مناظر شامل ہیں، ویڈیو میں میزائل کا نام اور اس کی خصوصیات بھی بتائی گئی ہیں۔

ویڈیو میں دی گئی معلومات کے مطابق حوثی گروپ کی جانب سے داغے جانے والے ہائپرسونک میزائل کا نام ’فلسطین 2‘ ہے جو ماک 16 (تقریباً 19 ہزار کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار حاصل کرسکتا ہے۔

میزائل 2150 کلومیٹر کے فاصلے تک اپنے ہدف کو نشانہ بناسکتا ہے اور اسٹیلتھ ٹیکنالوجی کی باعث اسرائیلی آئرن ڈوم سمیت جدید فضائی دفاعی نظاموں سے بچنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

خیال رہے کہ یمن کے حوثی گروپ نے گزشتہ روز اسرائیل پر ہائپرسونک میزائل سے حملے کا دعویٰ کیا تھا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن سے آنے والے میزائل کو روکنے کے لیے اسرائیلی فضائی دفاعی نظام فعال کیاگیا تھا جس نے یمنی میزائل کو گرانے کے لیے بہت سے راکٹس داغے مگر وہ میزائل کو گرانے میں ناکام رہے۔

خبر کے مطابق میزائل اسرائیل کی حدود میں داخل ہوتے ہی اسرائیلی دفاعی نظام کے تحت سائرنز بجنا شروع ہوئے اور حملے کے خوف سے ایک ہی وقت میں لاکھوں اسرائیلی ملک کے مختلف حصوں میں قائم کی گئی محفوظ پناہ گاہوں کی طرف دوڑے جس کے باعث 9 افراد زخمی بھی ہوئے۔

یمنی باغیوں کے حملے کے بعد حوثی ترجمان یحییٰ ساری نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہم نے اپنے ہائپر سونک بیلسٹک میزائل سے جافا کے علاقے کو نشانہ بنایا اور اپنا ہدف حاصل کرلیا۔


مزید خبریں :