17 ستمبر ، 2024
پیپلز پارٹی مولانا فضل الرحمان کو آئینی ترمیم کے ذریعے آئینی عدالت کے قیام کیلئے قائل کرنے کیلئے کوشش کر رہی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کےساتھ میں گفتگو کے دوران بلاول کے وفد میں شامل پیپلزپارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے ملاقات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مولانا کو آئینی عدالت پر کوئی اختلاف نہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بلاول بھٹو کی ہفتے کی رات کو جب مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی تھی تو اصولی طور پر کسی کو آئینی عدالت سے متعلق کوئی اعتراض نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی آئینی عدالت پر کوئی اختلاف نظر نہیں آیا لیکن اُس کے مندرجات طے کرنا ہیں اور اس کیلئے لائحہ عمل پر کام کرلیا جائے گا۔
مرتضی وہاب نے حالیہ ترمیم سے متعلق سوال پرکہا کہ ایسا نہیں ہے کہ انگیج نہیں کیا گیا لیکن جس طریقے سےاٹھارویں آئینی ترمیم کے موقع پر تفصیلی بحث ہوئی، ویسی اب نہیں ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے سیشن کو آگے بڑھا دیا گیا ہے، سب نے اعادہ کیا ہے کہ زیادہ اتفاق رائے پیدا کر کے قانون سازی کو آگے لے جائیں گے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ایک بار پھر سربراہ جمیعت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان کے گھر پہنچے اور ان سے آئینی ترمیم کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
گزشتہ دو روز میں بلاول بھٹو زرداری کی دوسری بار مولانا فضل الرحمان کے گھر آمد ہوئی۔