17 ستمبر ، 2024
لاہور کے علاقے جوڈیشل کالونی میں ڈاکوؤں نے ایک مرحوم جسٹس کے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کی جسے اہلِ خانہ نے شور مچا کر ناکام بنا دیا۔
پولیس کے مطابق رات کو تقریباً 9 بجے ایک ڈاکو دیوار پھلانگ کر جسٹس ریٹائرڈ شریف حسین بخاری مرحوم کی رہائش گاہ میں داخل ہوا اور اس نے مین گیٹ کھول دیا جس کے بعد اس کے دیگر 2 ساتھی بھی گھر میں اندر داخل ہوگئے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ تینوں ڈاکوؤں نے نقاب پوشی کے علاوہ گلوز پہن رکھے تھے، ڈاکوؤں نے باورچی خانے کے دروازے سے اندر جانے کوشش کی، تاہم گھر والوں نے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے انہیں دیکھ کر شور مچا دیا، جس پر تینوں فرار ہو گئے۔
حکام کے مطابق پولیس نے سی سی ٹی وی ویڈیوز کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔