17 ستمبر ، 2024
پاکستان کی نامور مارننگ شو میزبان ندا یاسر نے کہا ہےکہ ان کے دیور دانش نواز نے انہیں دیکھتے ہی کچھ سرگوشیاں کی تھیں جو آج بھی انہیں یاد ہیں۔
سوشل میڈیا پر ایک کلپ وائرل ہے جس میں ندا یاسر کے ہمراہ ان کے شوہر یاسر، ڈائریکٹر دانش نواز اور اداکار علی عباس موجود ہیں جب کہ گفتگو کے دوران ندا نے اپنی اور دیور دانش نواز کی پہلی ملاقات کا دلچسپ قصہ سنایا۔
ندا یاسر نے بتایا کہ 'مجھے آج بھی یاد ہے کہ جب یاسر نے پہلی بار مجھے دانش سے ملوایا تو یہ پیچھے ہوکر اپنی بہن کو کہہ رہا تھا کہ یہ ایشوریا رائے جیسی تو نہیں ہے'۔
ندا کی بات پر دانش نواز نے ہنستے ہوئے اپنے مخصوص انداز میں کہا 'میں نے کچھ غلط تو نہیں کہا، میں تو آج بھی اپنی اس بات پر قائم ہوں، اگر بھابھی کو کہیں سے بھی لگ رہا ہے کہ یہ ایشوریا رائے جیسی ہیں تو یہ غلط فہمی دور کرنی پڑے گی'۔
اس بات پر ندا یاسر نے کہا 'نہیں، یہ خوش فہمی تو مجھے کبھی تھی ہی نہیں لیکن ان لوگوں نے ہونے بھی نہیں دی، پہلی ملاقات میں ہی مجھے میرے پیچھے سے اس کی سرگوشیوں کی آوازیں آرہی تھیں'۔
ندا نے ہنستے ہوئے کہا 'یاسر نے ان لوگوں کے سامنے بڑائیاں ماری ہوں گی نا'۔