24 جولائی ، 2024
پاکستان کی معروف مارننگ شو میزبان ندا یاسر نے مسلسل تنقید کے بعد ٹرولرز سے سوال کیا ہے کہ اگر وہ حج کرنے کے بعد گھومنے نکل گئیں تو اس میں انہوں نے کیا غلط کیا؟
حال ہی میں حج کی سعادت حاصل کرنے والا جوڑا ندا یاسر اور یاسر نواز سوئٹزرلینڈ میں اپنی چھٹیاں گزار رہے ہیں اور ساتھ ہی اپنے یوٹیوب چینل پر سفر کے وی لاگز بھی شیئر کررہے ہیں تاہم جوڑے کی ویڈیوز پر صارفین نے انہیں ٹرول کیا اور ندا کے لباس پر تنقید کی۔
کمنٹس میں کہا گیا کہ ندا حج کے دنوں میں باحجاب تھیں لیکن انہوں نے حج سے واپس آنے کے بعد حجاب چھوڑ دیا اور وہ سوئٹزرلینڈ میں بھی حجاب کے بغیر ہی گھوم رہی ہیں۔
اب ندا یاسر اور یاسر نواز نے اپنے وی لاگ میں صارفین کی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں ٹرولنگ جاری رکھنے کا مشورہ دیا اور ساتھ ہی سوال کیا کہ آخر ٹرولنگ کی کیوں جارہی ہے۔
یاسر نواز نے قدرت کے حسین نظاروں کو سراہا اور ساتھ ہی ندا نے کہا کہ یاسر ہم نے کیا غلطی کردی اگر ہم حج کرنے کے بعد اللہ پاک کی بنائی ہوئی یہ چیزیں دیکھنے آگئے تو؟ ہم کیوں ٹرول ہورہے ہیں؟
جواب میں یاسر نواز نے کہا چھوڑ دو ندا، ٹرولرز کا کام ہی یہی ہے کہ دوسروں پر تنقید کریں، کہ کیوں نکل گئے بھئی اللہ کی بنائی ہوئی چیز دیکھنے آئے ہیں، یہ پہاڑ،یہ آسمان، یہ برف۔
ندا یاسر نے کہا ہم پورا سال محنت کرتے ہیں تو کیا ہمیں حق نہیں ہے کہ ہم اس خوبصورتی کو دیکھنے آئیں جو خدا نے بنائی ہے جو قدرت نے بنائی ہے؟
یاسر نے کہا ٹرول کرنے والوں کرو ٹرول جس پر ندا نے کہا ہاں اور ہم ان نظاروں سے محظوظ ہوں گے۔