Time 17 ستمبر ، 2024
پاکستان

آئینی ترمیم پر پی ٹی آئی نے دسمبر تک رضامندی سے متعلق کوئی بات نہیں کی، بیرسٹرگوہر

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر  نے مسلم لیگ ن کے  رہنما اور وزیر دفاع  خواجہ آصف کے بیان کی تردید کردی۔

جیو نیوز  سےگفتگو میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ  خواجہ  آصف کے ساتھ آئینی ترمیم  سے  متعلق کوئی گفتگو نہیں ہوئی  اور نہ ہی پی ٹی آئی نے دسمبر تک رضامندی سے متعلق کوئی بات کی ہے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ  خواجہ آصف پارلیمان کی خصوصی کمیٹی کا حصہ نہیں ہیں، پاکستان تحریک انصاف نے کسی بھی آئینی ترمیم پر ساتھ دینے کا نہیں کہا۔

ان کا کہنا تھا کہ  ہم نے  حکومت سے ڈرافٹ یا ورکنگ پیپر مانگا ہے تا کہ تفصیلات تو سامنے آئیں، پاکستان تحریک انصاف نےکسی تجویز یا پیکج پر ساتھ دینےکا نہیں کہا، پی ٹی آئی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پہلے ترمیم کا مسودہ تو دکھائیں،جب مسودہ، تجویز یا پیکج دکھایا نہیں گیا تو  رضامندی کی بات درست نہیں۔

خیال رہے کہ جیو نیوز  سے خصوصی گفتگو  میں خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ  آئینی ترمیم سے متعلق مسودے کو  راز  میں نہیں رکھا گیا، یہ پبلک ڈاکیومنٹ ہے، آئینی ترمیم ضرور ہوگی، پی ٹی آئی نے بھی دسمبر تک وقت مانگا ہے۔

مزید خبریں :