18 ستمبر ، 2024
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے صارفین کو بجلی بلوں میں دیے گئے 14 روپے فی یونٹ کے ریلفی کے معاملے میں بیورو کریسی نے وزیراعلیٰ اور صارفین کے ساتھ ہاتھ کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ستمبر اور اکتوبر کے بجلی بلوں میں صارفین کے لیے 14 روپے فی یونٹ ریلیف کا اعلان کیا گیا تھا، بجلی بلوں میں ریلیف 201 یونٹ سے 500 یونٹ تک استعمال کرنے والے تمام صارفین کے لیے تھا۔
تاہم اب یہ انکشاف ہوا ہے کہ بجلی بلوں میں ریلیف صرف سنگل فیز میٹر صارفین کو ملا ہے، تھری فیز میٹر والے صارفین کو یہ ریلیف منتقل نہیں کیا گیا۔
لیسکوذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے سنگل اور تھری فیز تمام صارفین کے لیے بلوں میں ریلیف کا اعلان کیا تھا لیکن وزارت توانائی نے صرف سنگل فیز میٹر صارفین کو ریلیف دینے کی ہدایت کی۔
لیسکو ذرائع کے مطابق اس ماہ کے تھری فیز میٹرکے بلوں پر 14 روپے فی یونٹ ریلیف شامل نہیں ہے، بجلی صارفین کی بڑی تعداد ریلیف کے لیے روزانہ دفاتر کے چکر لگاتی ہے۔
لیسکو ترجمان نے اس حوالے سے بتایا کہ ہمیں وزارت یا دیگر محکموں سے بتایا گیا کہ ہم تھری فیز میٹر کو کمرشل میٹر شمار کرتے ہیں، لہٰذا انڈسٹری اور کمرشل میٹر یہ ریلیف لاگو نہیں ہوگا کیونکہ یہ چھوٹے صارفین کے لیے ہے۔
دوسری جانب حکومت پنجاب کو اس حوالے سے آگاہی نہیں ہے کیونکہ یہ ایک تیکنینی چیز ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب نے بجلی بلوں میں ریلیف کا اعلان سنگل اور تھری فیز تمام صارفین کے لیے کیا تھا۔