Time 18 ستمبر ، 2024
پاکستان

مخصوص نشستوں کا کیس، الیکشن کمیشن کا عدالتی وضاحت پرقانونی ماہرین سے مشاورت کا فیصلہ

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر سپریم کورٹ کی وضاحت پر قانونی ماہرین سے مشاورت لینے کا فیصلہ کرلیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں ممبران، سیکرٹری الیکشن کمیشن، اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن لاء اور لیگل ٹیم شریک ہوئی۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں سےمتعلق مختصر فیصلے اور الیکشن کمیشن کی مانگی گئی وضاحت کےجواب میں سپریم کورٹ کے 14 ستمبرکے آرڈرپربھی غور کیا گیا۔

ذرائع نے بتایاکہ اجلاس میں مخصوص نشستوں سے متعلق پارلیمنٹ میں کی گئی قانون سازی پربھی غور ہوا اور قانونی نکات اورمضمرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اس معاملے پر قانونی ماہرین سے مشاورت کا فیصلہ کیا اور اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کا اجلاس کل دوبارہ ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ کے 8 رکنی بینچ نے مخصوص نشستوں کے کیس میں الیکشن کمیشن اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواستوں پر وضاحت میں کہا کہ 12 جولائی کے فیصلے میں کوئی ابہام نہیں ہے، سپریم کورٹ کا 12 جولائی کا شارٹ آرڈر بہت واضح ہے اور الیکشن کمیشن نے اس حکم کو غیر ضروری طور پر پیچیدہ بنایا ہے، فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے کے سنگین نتائج ہوں گے۔

وضاحت میں کہا گیا کہ بیرسٹر گوہر کو چیئرمین پی ٹی آئی اور عمر ایوب کو سیکریٹری جنرل تسلیم کیا جاچکا۔

اس کے جواب میں ذرائع الیکشن کمیشن نے سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔

مزید خبریں :