19 ستمبر ، 2024
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے شیڈول کا اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے۔
انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کا دورہ پاکستان سے قبل ہیم اسٹرنگ انجری کا اسکین ہو گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بین اسٹوکس کا اسکین آئندہ ہفتے ہو گا، اسکین کا مقصد بین اسٹوکس کے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے فٹنس کا جائزہ لینا ہے۔
یاد رہے کہ بین اسٹوکس اگست کے اوائل میں انجری کا شکار ہوئے اور سری لنکا کے خلاف سیریز مس کی۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے یکم اکتوبر کو پاکستان کے دورے پر روانہ ہونا ہے اور مکمل فٹنس نہ ہونے کے باوجود بین اسٹوکس کو 17 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 7 اکتوبر سے شیڈولڈ ہے مگر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تاحال سیریز کے نئے شیڈول کا اعلان نہیں کیا ہے۔
پی سی بی نے ملتان اور راولپنڈی میں ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور پی سی بی پہلے دو ٹیسٹ ملتان میں کرانے کی ورکنگ کر رہا ہے جب کہ تعمیراتی کام کی وجہ سے کراچی ٹیسٹ میچ کا وینیو نہیں رہا۔
ملتان کی کنڈیشنز سے فائدہ اٹھانے کے لیے دو ٹیسٹ ملتان میں کرانے کا منصوبہ ہے جبکہ پہلا اور تیسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں کرانے کا دوسرا آپشن بھی رکھا گیا ہے۔ پاکستان انگلینڈ سیریز کے شیڈول کا اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے۔