Time 19 ستمبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

’دو راتیں سو نہیں سکا تھا‘، ایشوریا کے ساتھ کس حادثے نے امیتابھ کو پریشان کیا ؟

’دو راتیں سو نہیں سکا تھا‘، ایشوریا کے ساتھ کس حادثے نے امیتابھ کو پریشان کیا ؟
ایشوریا کے ساتھ پیش آئے خوفناک حادثے نے فلم کی کاسٹ سمیت شوٹنگ عملے کو بھی ہلا کر رکھ دیا تھا/ فائل فوٹو

بالی وڈ شہنشاہ امیتابھ بچن نے ماضی میں دیےگئے انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ وہ 2003 میں ایشوریا رائے کو شوٹنگ کے دوران پیش آئے حادثے کے بعد دو راتیں نہیں سوسکے تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 2003 میں امیتابھ بچن،  ایشوریا رائے اور اکشے کمار کے ساتھ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے علاقہ نشیک میں فلم خاکی کی شوٹنگ کررہے تھے جس دوران ایشوریا کے ساتھ پیش آئے خوفناک حادثے نے فلم کی کاسٹ سمیت شوٹنگ عملے کو بھی ہلا کر رکھ دیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق دوران شوٹنگ ایک اسٹنٹ مین نے کار کا کنٹرول کھو دیا جس کے نتیجے میں تیز رفتار کار ایشوریا کی کرسی سے جاٹکرائی،  کار اتنی تیز تھی کہ ایشوریا اور ان کے ساتھی اداکار تشار کپور گاڑی کی زد میں آگئے تھے، صورتحال کی سنگینی دیکھ کر  اکشے کمار کو آگے آنا پڑا جس کے بعد انہوں نے ایشوریا کو کھینچ کر باہر نکالا اور  پھر اداکارہ کو فوراً اسپتال لے جایا گیا۔

 بعدازاں جب میڈیا پر اس حادثے کو معمولی کہا گیا تو امیتابھ بچن پھٹ پڑے تھے،  ایک انٹرویو کے دوران امیتابھ نے صورتحال کی سنگینی پر بات کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا اور بتایا تھا کہ ’حادثے کے بعد میں نے ایشوریا کی والدہ سے پوچھا تھا کہ  وہ اپنی بیٹی کو ممبئی واپس لے جانا چاہتی ہیں؟  جب انہوں نے اقرار کیا تو ہم نے ایشوریا کو ایک نجی طیارے سے ممبئی لے جانے کا انتظام کیا چونکہ نشیک میں نائٹ لینڈنگ کی کوئی سہولت نہیں ہے، اس لیے ہمیں دہلی سے طیارے کو فوجی اڈے پر اتارنے کی اجازت لینی پڑی جو اسپتال سے 45 منٹ کی دوری پر ہے، اس دوران  ہوائی جہاز سے سیٹیں ہٹانی پڑی تھیں‘۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ وہ وقت تھا جب امیتابھ ایشوریا کے سسر نہیں تھے لیکن اس کے باوجود وہ ان کیلئے بہت پریشان ہوگئے تھے جس کا اظہار کرتے ہوئے بگ بی نے بتایا تھا کہ ‘اس حادثے کی وجہ سے میں دو راتیں نہیں سو سکا تھا ، میں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا تھا کہ ایشوریا کہ کمر کیکٹس کے کانٹوں سے بھری تھی، اس کے پیر  کے پچھلے حصے کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی اور اسے شدید چوٹیں آئی تھی جب کہ میڈیا پر   اس چوٹ کو معمولی بتایا جارہا تھا‘۔

 واضح رہے کہ اس  فلم کی کاسٹ میں امیتابھ بچن ہی مرکزی کردار میں تھے جب کہ اکشے کمار اور اجے دیوگن بھی اس فلم کا حصہ تھے۔ 

ایشوریا ابھیشیک کی شادی

یاد رہے کہ اس حادثے کے 4 سال بعد ایشوریا رائے  2007  میں  بچن خاندان کی  بہو بنی تھیں ، اب جوڑے کی ایک بیٹی آرادھیا بچن ہے۔

 ان دنوں ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے کے درمیان علیحدگی کی افواہیں سرگرم ہیں تاہم بچن خاندان نے بھی ابھی تک اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

مزید خبریں :