Time 19 ستمبر ، 2024
دنیا

حزب اللہ سے جنگ کا خدشہ، اسرائیل نے جنگی سامان اور فوجی لبنان کی سرحد پر بھیجنا شروع کردیے

حزب اللہ سے جنگ کا خدشہ، اسرائیل نے جنگی سامان اور فوجی لبنان کی سرحد پر بھیجنا شروع کردیے
اسرائیل حکام گزشتہ دنوں حزب اللہ کے ساتھ لڑائی کے نئے مرحلے کا اعلان کرچکے ہیں: فوٹو/ اسرائیلی میڈیا

تل ابیب: اسرائیلی جارحیت کے بعد حزب اللہ اور  اسرائیل کے درمیان بڑی جنگ کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے جس کے بعد اسرائیل نے ہزاروں فوجی غزہ کی پٹی سے لبنان سرحد پر منتقل کرنا شروع کردیے ہیں۔ 

غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اسرائیل اور لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ وقتاً فوقتاً ایک دوسرے کو نشانہ بناتے آرہے ہیں اور اب تک دونوں اطراف کے سیکڑوں لوگ ان حملوں میں مارے جاچکے ہیں۔

گزشتہ دو دنوں کے اندر لبنان میں ہونے والے پیجر اور ریڈیو ڈیوائس دھماکوں کے بعد حزب اللہ اور اسرائیل میں باقاعدہ جنگ شروع ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے اور ایسے موقع  پر اسرائیلی حکام نے بھی جنگ کا نیا مرحلہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ چند دنوں میں اسرائیلی وزیراعظم اور وزیر دفاع نے شمالی اسرائیل میں لبنان کی سرحد پر رہنے والے آباد کاروں کی واپسی کے بیانات دیے۔

اسرائیلی وزیردفاع نے جنگ کے نئے مرحلے کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کے ڈویژن 98 جوکہ 10 سے 20 ہزار فوجیوں پر مشتمل ہے اسے غزہ سے لبنان کی سرحد پر بھیجنےکا اعلان کیا ہے۔

دوسری جانب پیجر اور ریڈیو دھماکوں کے بعد حزب اللہ کی جانب سے آج اسرائیلی فوجیوں کو اینٹی ٹینک شکن میزائل اور راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا جس متعدد اسرائیلی فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ چند اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کی بھی خبر ہے مگر اب تک اسرائیلی حکام نے اس کی تصدیق نہیں کی۔ 


مزید خبریں :