19 ستمبر ، 2024
بھارت میں سڑک بنانے والی کمپنی کے ایک ملازم نے بھارت کی سب سے بڑی ایکسپریس وے کی ایک سڑک پر پڑنے والے گڑھے کا ذمہ دار چوہوں کو قرار دیکر سب کو حیران کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کمپنی ملازم نے دلی ممبئی ایکسپریس وے پراجیکٹ پر راجستھان کے دوسا روڈ پر پڑنے والے گڑھے کا ذمہ دار چوہوں کو قرار دیا۔
خود کو مینٹیننس مینیجر ظاہر کرنے والے کمپنی ملازم کا سڑک پر پڑنے والے گڑھے کے حوالے سے کہنا تھا یہ چوہوں یا پھر چھوٹے جانوروں کا کام ہے تاکہ پانی یہاں سے گزر سکے۔
دوسری جانب کمپنی کے سی سی بلڈکون کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ سڑک پر گڑھا پانی کی لیکیج کی وجہ سے پڑا۔
کے سی سی بلڈ کون کی جانب سے این ایچ اے آف انڈیا کو اپنے وضاحتی بیان میں بتایا گیا کہ جو ملازم خود کو مینٹیننس مینیجر ظاہر کر رہا تھا وہ دراصل ایک معمولی ملازم ہے جسے پراجیکٹ کے حوالے سے تیکنیکی معلومات بھی نہیں ہے، ملازم کو نوکری سے بھی برخاست کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ دلی ممبئی ایکسپریس وے کو بھارت کی سب سے بڑی ایکسپریس وے قرار دیا جا رہا ہے جس کی لمبائی 1386 کلومیٹر ہے۔
جولائی میں بھارت کے یونین وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز نتن گدکاری نے بتایا تھا کہ ایکسپریس وے پر 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور باقی 20 فیصد مکمل ہونے میں ایک سال کا عرصہ لگے گا۔