Time 19 ستمبر ، 2024
دنیا

لبنان میں دھماکوں کے بعد ائیرپورٹ اور طیاروں میں واکی ٹاکی اور پیجر لیجانے پر پابندی

لبنان میں دھماکوں کے بعد ائیرپورٹ اور طیاروں میں واکی ٹاکی اور پیجر لیجانے پر پابندی
لبنان میں پیجرز دھماکوں کے بعد کل ہزاروں واکی ٹاکی (ریڈیو) ڈیوائسز بھی اچانک دھماکوں سے پھٹ پڑے—فوٹو: فائل

لبنان میں حالیہ دھماکوں کے بعد ائیرپورٹ اور طیاروں میں واکی ٹاکی اور پیجر لے جانے پر پابندی عائد کر دی گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق لبنان کے محکمہ شہری ہوابازی نے انتباہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ائیرپورٹ اور طیاروں میں واکی ٹاکی اور پیجر لے جانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

لبنانی شہری ہوابازی کے مطابق پیچر اور واکی ٹاکی پرپابندی کا اطلاق تمام فضائی کمپنیوں کے مسافروں پر ہوگا۔

لبنان کے محکمہ شہری ہوابازی کے مطابق پرسنل لیگج اور کارگو سامان میں پیجر اور واکی ٹاکی لےجانے پر پابندی ہوگی اور کسی بھی مسافر یا سامان سے پیچر،واکی ٹاکی ملنے پر ضبط کرلیا جائے گا۔

واضح رہے کہ  لبنان میں پیجرز دھماکوں کے بعد کل ہزاروں واکی ٹاکی (ریڈیو) ڈیوائسز بھی اچانک دھماکوں سے پھٹ پڑے جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔

اس سے قبل  لبنان میں ہونے والے پیجرز دھماکوں میں لبنانی وزیر کے بیٹے سمیت 12 افراد جاں بحق اور 4 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔

العربیہ کے مطابق گزشتہ دو دنوں میں ہونے والے دھماکوں پر اسرائیلی حکام نے اب تک کوئی آفیشل بیان نہیں دیا مگر سکیورٹی ذرائع یہی بتاتے ہیں کہ ان دھماکوں کے پیچھے اسرائیلی ایجنسی موساد کا ہاتھ ہے۔ 

مزید خبریں :