19 ستمبر ، 2024
اگر کسی فرد کو ایک اژدھا جکڑ لے اور کئی گھنٹوں تک اسے چھڑایا نہ جائے تو اس کے بچنے کا امکان بہت کم ہوتا ہے۔
مگر تھائی لینڈ میں ایک معمر خاتون اژدھے کے حملے میں کرشماتی طور پر بچ گئی۔
64 سالہ اروم نامی خاتون پر یہ حملہ بینکاک میں نواح میں ہوا۔
یہ خاتون اپنے گھر میں برتن دھو رہی تھی جب اسے محسوس ہوا کہ پیر میں کوئی چیز کاٹ رہی ہے۔
اس نے بتایا کہ 'اژدھے نے آگے بڑھ کر مجھے کاٹ لیا تھا'۔
اس کے بعد اژدھے نے خاتون کو بری طرح جکڑ لیا جس کے باعث وہ زمین پر گرگئی۔
خاتون نے خود کو چھڑانے کی کوشش کی تو اژدھے نے اپنی گرفت کو مزید سخت کرلیا اور یہ سلسلہ 2 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا۔
اس دوران وہ خاتون مدد کے لیے چلاتی رہی مگر شروع میں کسی نے توجہ مرکوز نہیں کی۔
پھر ایک پڑوسی نے اروم کی چیخیں سن کر پولیس سے رابطہ کیا۔
مقامی پولیس کے مطابق جب ہم وہاں پہنچے تو یہ دیکھ کر دنگ رہ گئے کہ اژدھے نے سانپ کو جکڑا ہوا ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ وہ سانپ بہت بڑا تھا اور پھر خاتون کو چھڑانے کے لیے کوششیں شروع کی گئیں۔
پولیس کو خاتون کو اژدھے کی گرفت سے نکالنے میں 30 منٹ لگے اور پھر اسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اس دوران اژدھا بھی بھاگنے میں کامیاب ہوگیا اور پولیس اہلکار اسے پکڑنے میں ناکام رہے۔
خیال رہے کہ اژدھے زہریلے نہیں ہوتے بلکہ وہ کسی کو سختی سے جکڑ لیتے ہیں جس سے ان کا شکار خون کا بہاؤ رک جانے سے مر جاتا ہے۔