19 ستمبر ، 2024
قازقستان میں جاری ایشین انڈر 12 ٹینس چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں پاکستان کو انڈونیشیا کے ہاتھوں0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
کوارٹر فائنل کا پہلا سنگلز مقابلہ انڈونیشیا کے کومانگ پاروستاما اور پاکستان کے راشد علی کے درمیان ہوا، جہاں راشد کومانگ کے سامنے بے بس دکھائی دیے۔ انڈونیشین کھلاڑی نے راشد کو 0-6 اور 6-2 سے شکست دی، یہ میچ 56 منٹ میں ختم ہوا۔
دوسرے سنگلز میں پاکستان کے شایان محمد کا سامنا انڈونیشیا کے جیک فرانس سے تھا۔ جیک فرانس نے شایان کو 6-2 اور 6-2 سے زیر کرتے ہوئے 61 منٹ میں فتح اپنے نام کی۔
ڈبلز مقابلے میں پاکستانی ٹیم کے جنید خان اور راشد علی نے انڈونیشیا کے کومانگ پاروستاما اور جیک فرانس کی جوڑی کا مقابلہ کیا، مگر یہاں بھی پاکستان کو کامیابی نہ مل سکی۔
انڈونیشی جوڑی نے پاکستانی ٹیم کو 6-1 اور 0-6 سے شکست دی اور میچ صرف 47 منٹ میں ختم ہوا۔
پاکستانی ٹیم اب اگلے مرحلے میں پانچویں سے آٹھویں پوزیشن کے پلے آف مقابلوں میں ایکشن میں ہوگی۔
اس سے قبل گروپ میچز میں پاکستان نے سعودی عرب اور تھائی لینڈ کو شکست دی تھی۔