20 ستمبر ، 2024
کیا کبھی آپ نے کسی ایسے مشروب کے بارے میں سنا ہے جسے ہیروں کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے؟ اور وہ بھی ایک دو نہیں پورے 150 ہیرے؟
یہ یقیناً غیر معمولی بات ہے لیکن غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شکاگو کا ایک ریسٹورینٹ یہ کاک ٹیل پیش کر رہا ہے جو 150 ہیروں کے ساتھ عمدہ طریقے سے گاہکوں کو پیش کیا جاتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق شکاگو کے ایک اطالوی ریسٹورینٹ 'ایڈالینا' نے یہ مشروب متعارف کروایا ہے جس کا نام 'میرو مارٹینی' ہے، یہ ایک قسم کا کاک ٹیل ہے جو مختلف پھلوں سے مل کر بنتا ہے جس میں ٹماٹر کا جوس، زیتون کا تیل اور اس کے علاوہ لیموں شامل ہوتا ہے۔
اس کی خاصیت صرف اس کا ذائقہ نہیں بلکہ اس کے ساتھ آنے والا 150 ہیروں سے بنا ڈائمنڈ کا ہار ہے۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اس مشروب کی کیا قیمت ہے؟
میرو مارٹینی کی قیمت 13 ہزار ڈالرز مقرر کی گئی ہے جو پاکستانی روپے کے لحاظ سے تقریباً 36 لاکھ روپے بنتے ہیں۔
سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ کاک ٹیل اس وقت سرخیوں میں آیا جب ایک شخص نے اسے اپنی بیوی کے لیے خریدا۔