20 ستمبر ، 2024
صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس پر دستخط کے بعد پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس پر عملدرآمد شروع ہوگیا۔
جسٹس منیب اختر تین رکنی ججز کمیٹی سے باہر ہوگئے اور چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے جسٹس امین الدین خان کو کمیٹی رکن نامزد کردیا۔
رجسٹرار سپریم کورٹ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ جسٹس امین الدین خان سینیارٹی لسٹ میں پانچویں نمبر پر ہیں۔
تین رکنی ججزکمیٹی بینچزکی تشکیل اور انسانی حقوق کےمقدمات کاجائزہ لیتی ہے۔
تین رکنی ججز کمیٹی میں چیف جسٹس کے علاوہ سینیئرترین جج جسٹس منصور علی شاہ بھی شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تین رکنی ججز کمیٹی کا اجلاس پیر کو بلائے جانے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد صدر مملکت آصف زرداری نے پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس پر دستخط کیے تھے جس کے بعد وہ نافذ ہوگیا تھا۔
پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے سیکشن 2 کی ذیلی شق ایک کے مطابق پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کمیٹی مقدمات مقرر کرے گی، کمیٹی چیف جسٹس، سینیئر ترین جج اور چیف جسٹس کے نامزد جج پر مشتمل ہو گی۔