Time 20 ستمبر ، 2024
پاکستان

پی ٹی آئی کو کل لاہور میں جلسے کی اجازت مل گئی، علی امین کی معافی مانگنے کی شرط بھی عائد

پی ٹی آئی کو کل لاہور میں جلسے کی اجازت مل گئی، علی امین کی معافی مانگنے کی شرط بھی عائد
لاہور ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر کو پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینے کیلئے آج شام 5 بجے تک درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا— فوٹو:فائل

لاہورکی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو کاہنہ میں رنگ روڈ پر جلسے کی اجازت  دے دی۔

لاہور ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر کو پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینے کیلئے آج شام 5 بجے تک درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

 لاہورکی ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو کل کاہنہ میں رنگ روڈ پر جلسے کی اجازت دے دی۔

واضح رہے کہ پہلے جلو پارک میں جلسے کی اجازت کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

ضلعی انتظامیہ نے 43 شرائط و ضوابط کے ساتھ پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دی ہے اور ڈپٹی کمشنر نے جلسے کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی کا جلسہ 21 ستمبر کو دوپہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک ہوگا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو 8 ستمبر کے جلسے میں سخت زبان پر معافی مانگنا ہوگی اور جلسے کی سکیورٹی آرگنائزرز کے ذمے ہوگی۔

دوسری جانب اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنما اشتیاق اے خان کا کہنا تھاکہ ہم علی امین کی طرف سے ذمہ داری نہیں لے سکتے ہیں وہ کوئی معافی مانگیں، ان کی اپنی مرضی ہے، جو بہتر ہوگا وہ اپنی تقریر کریں گے۔

اُدھر ڈپٹی کمشنر اور اپوزیشن لیڈراحمد خان بھچر کی ملاقات ہوئی۔ ذرائع نے بتایاکہ اپوزیشن لیڈر نے جلسہ رات 11 بجے ختم کرنے کی تجویز دی ہے۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں :