Time 21 ستمبر ، 2024
جرائم

پشاور لائنز خودکش حملے کا مرکزی ملزم کیسے پکڑا گیا؟ پولیس نے بتا دیا

پشاور لائنز خودکش حملے کا مرکزی ملزم کیسے پکڑا گیا؟ پولیس نے بتا دیا
پولیس لائنز مسجد پشاور میں 30 جنوری 2023 کو خودکش حملے میں امام مسجد اور پولیس اہلکاروں سمیت 72 نمازی شہید اور 157 زخمی ہوئے تھے— فوٹو:فائل

پشاور پولیس لائنز خودکش حملے میں ملوث گرفتار مرکزی ملزم عمر کے حوالے سے تفصیلات سامنے آگئیں۔

پولیس کے مطابق دوران تفتیش گرفتار ملزم عمر نے پولیس اہلکار کا نام اگل دیا، پولیس اہلکار ولی خان دھماکے کے وقت پولیس لائنز میں تعینات تھا اور ملوث اہلکار نے دھماکے کے بعد تبادلہ بی آر ٹی ہیڈ کوارٹر کروایا تھا۔

حکام نے بتایاکہ پولیس اہلکار نے خودکش بمبار سمیت گرفتار ملزم عمر کو پولیس لائنز کا نقشہ فراہم کیا تھا اور راستوں سے بھی آگاہ کیا تھا، پولیس اہلکار نے پولیس لائنز میں بیرکوں میں تعینات اور رہائش پذیر اہلکاروں کی تفصیلات بھی دی تھی۔

حکام کے مطابق ملوث پولیس اہلکار شبقدر کا رہائشی دلزاک روڈ پشاور میں رہائش پذیر تھا۔

پولیس کا کہنا تھاکہ خودکش دھماکے کے مرکزی ملزم کا سراغ افغانستان میں موجود شدت پسند کمانڈر کو فون کرنے پرلگایا، گرفتار ملزم عمر نے فون پر اپنے سربراہ کو کہا کہ تم لوگوں نے پولیس لائنز میں روزنامچہ آفس میں دھماکے کا کہا تھا، خودکش حملہ آور نے مسجد میں دھماکا کیا۔

خیال رہے کہ پولیس لائنز مسجد پشاور میں 30 جنوری 2023 کو خودکش دھماکا ہواتھا جس میں امام مسجد اور پولیس اہلکاروں سمیت 72 نمازی شہید اور 157 زخمی ہوئے تھے۔

مزید خبریں :