21 ستمبر ، 2024
پاکستانی میزبان ندا یاسر نے شوہر اداکار یاسر نواز کے دوسرے شادی کرنے کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
چند روز قبل یاسر نواز نے اہلیہ ندا اور بھائی دانش نواز کے ہمراہ نئے پوڈکاسٹ کی ویڈیو شیئر کی تھی۔
دوران شو اہلیہ کی گفتگو پر یاسر نواز نے کہا تھا کہ ’میرا تو مطالبہ ہے کہ حکومت ایسا قانون بنائے جس کے تحت بیوی ہر 15 سال بعد اپنے شوہر کی نئی شادی کروائے جو کہ ضروری ہے اور اگر بیوی یہ نہ کروائے تو اس جرم میں بیوی کو جیل ہونی چاہیے‘۔
ندا یاسر نے شوہر کے مطالبے پر ردعمل دیا تھا کہ ’جو گرجتے ہیں وہ برستے نہیں، یاسر اپنے ہر انٹرویو میں یہی بات کرتا ہے‘۔
تاہم اب اس بیان سے متعلق ایک پوڈکاسٹ انٹرویو کے دوران جب میزبان فیصل قریشی نے ندایاسر سے سوال کیا تو اس کے جواب میں ندا یاسر کا کہنا تھا کہ ’یاسر ایسی باتیں مستی میں کرتے ہیں اگر وہ سنجیدہ ہوتا تو میں ان کو ایسا نہیں کرنے دیتی، اگر ہم مستی مذاق کی باتوں کو پکڑلیں گے تو کوئی فائدہ نہیں‘ ۔
ندا نے مزید کہا کہ ’اگر یاسر بڑھاپے میں کبھی دوسری شادی کرنا چاہیں تو میں کچھ نہیں کرسکتی کیوں کہ آنے والے وقت کی کوئی بھی انسان پیشگوئی نہیں کرسکتا‘۔
اس پر فیصل قریشی نے کہا کہ ’یاسر عقلمند انسان ہے وہ دوسری شادی نہیں کرسکتا، کوئی بھی عقلمند آدمی دوسری شادی کا رسک نہیں لے سکتا، دوسری شادی کے بعد مرد کی زندگی خراب ہوجاتی ہے لہٰذا بہتر ہے کہ مرد ایک شادی کے ساتھ اپنی زندگی میں خوش رہے‘۔