Time 21 ستمبر ، 2024
پاکستان

مخصوص نشستوں کیلئے اسپیکر کا خط، پی ٹی آئی کا وضاحت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع

مخصوص نشستوں کیلئے اسپیکر کا خط، پی ٹی آئی کا وضاحت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع
اسپیکر قومی اسمبلی، اسپیکر پنجاب اسمبلی کے الیکشن کمیشن کو خطوط درست قانونی پوزیشن واضح نہیں کرتے: پی ٹی آئی کی درخواست۔ فوٹو فائل

پاکستان تحریک انصاف کے مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی مزید وضاحت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی جانب سے دائر درخواست میں اسپیکر قومی اسمبلی کے الیکشن کمیشن کو خط پر وضاحت کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عدالت واضح کرے کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کا اطلاق 12 جولائی کے آرڈر پر نہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی، اسپیکر پنجاب اسمبلی کے الیکشن کمیشن کو خطوط درست قانونی پوزیشن واضح نہیں کرتے، دونوں اسمبلیوں کے اسپیکروں کے خطوط کا 12 جولائی کے مختصر فیصلے پر کوئی اثر نہیں پڑتا، دونوں اسمبلیوں کے اسپیکروں کے خطوط الیکشن کمیشن کی جانب سے نظر انداز کیے جانے چاہئیں، 14 ستمبر کے وضاحتی حکم نامے کی روشنی میں الیکشن کمیشن 12 جولائی کے مختصر فیصلے پر عملدرآمد کا پابند ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ معاملے کے زیر التوا ہونے تک الیکشن کمیشن کو کسی بھی جماعت کو مخصوص نشستیں الاٹ کرنے سے روکا جائے اور عدالت ان تمام پہلوؤں کی وضاحت جاری کرے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر سیاسی جماعتوں کو الیکشن ایکٹ کے تحت مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کا کہا تھا۔

مزید خبریں :