Time 23 ستمبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

بھارتی فلم اینیمل میں کام کرنے والی پاکستانی اداکارہ کون؟ کیا کردار نبھایا؟

بھارتی فلم اینیمل میں کام کرنے والی پاکستانی اداکارہ کون؟ کیا کردار نبھایا؟
فلم میں شامل فارسی گانا ’جمال جمالو‘ بھی بھارت پاکستان میں کافی مقبول ہوا تھا— فوٹو:فائل

گزشتہ سال ریلیز ہونے والی بھارتی فلم ’اینیمل‘ پاکستان میں بھی مقبول ہوئی اور مختلف پہلوؤں کی وجہ سے خبروں میں رہی لیکن بہت سے لوگوں کو نہیں معلوم ہدایت کار سندیپ ریڈی کی فلم میں ایک پاکستانی اداکارہ نے بھی کام کیا ہے۔

جیو ڈیجیٹل نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی اداکارہ شفینہ پٹیل شاہ سے گفتگو کی ہے جنہوں نے اینیمل میں اداکار بوبی دیول کی دوسری اہلیہ کا کردار نبھایا۔

البتہ اس کردار سے پہلے انہیں بوبی دیول کی تیسری اہلیہ کا کردار کرنے کی پیشکش ہوئی تھی جو بھارتی اداکارہ مانسی ٹکسک نے نبھایا۔

شفینہ نے اس فلم میں کردار کس طرح حاصل کیا؟ اس سوال کا جواب کا دیتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ انہیں ایک دن میسج موصول ہوا جس میں ایک انڈین فلم کے کردار کیلئے آڈیشن بھیجنے کا کہا گیا تھا۔

’گزشتہ سال میں پاکستان میں پشاور میں تھی جب مجھے میسج موصول ہوا کہ ایک بالی وڈ فلم ہے جس میں ایک کردار ہے آپ یہ کردار کرلیں گی؟‘

اداکارہ نے بتایا کہ میسج پر تو میں نے انہیں کہہ دیا کہ مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے اور میں یہ کردار کرلوں گی۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ ’میں نے آڈیشن بھی بھیج دیا تھا ایک ہفتے تک مجھے کوئی جواب نہیں آیا، ایک دن ان کا جواب آیا کہ آپ کو اس کردار کیلئے فائنل کرلیا گیا ہے۔

شفینہ نے بتایا کہ انہوں نے بوبی دیول کے کردار ابرار حق کی تیسری اہلیہ کے کردار کیلئے آڈیشن دیا تھا جبکہ انہیں دوسری اہلیہ کا کردار کرنے کیلئے منتخب کیا گیا۔

فارسی گانے ’جمل جمالو‘ کی شوٹ پر کیا ہوا تھا؟

فلم میں شامل فارسی گانا ’جمال جمالو‘ بھی بھارت پاکستان میں کافی مقبول ہوا تھا۔ البتہ اس گانے کے سیٹ پر ایک عجیب واقعہ بھی پیش آیا تھا۔

جیو ڈیجیٹل سے گفتگو میں اداکارہ نے اس واقعے کے بارے میں بتایا کہ ’جب ہم جمال جمالو شوٹ کررہے تھے تو بوبی دیول کا ایک سین تھا جس میں وہ شادی کے دن سارے مہمانوں کے سامنے اپنے مخبر کی دونوں آنکھیں پھوڑ کر اسے بے دردی سے قتل کردیتے ہیں ۔۔ اس سین میں کافی زیادہ نقلی خون کا استعمال کیا تھا جب یہ سین فلمایا گیا تو جونیئر کاسٹ میں موجود لڑکی سیٹ پر گر کر بیہوش ہوگئی‘۔

شفینہ نے مزید کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ اب وہ ٹھیک ہیں لیکن ہم یہ دیکھ کر گھبرا گئے تھے۔

اینیمل کو بہت زیادہ پرتشدد مناظر دکھائے جانے کی وجہ سے کافی تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔

شفینہ نے بالی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان کے ساتھ بھی کچھ سال پہلے ایک ایڈ میں کام کیا ہے۔ کنگ خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کے متعلق اداکارہ نے جیو ڈیجیٹل کو بتایا کہ ’جب میں نے پہلی بار کنگ خان کو دیکھا تو دل کی دھڑکنیں تیز ہوگئی تھیں، وہ میرے پاس آئے پوچھا کہ آپ کیسی ہیں تو میں نے کہا میں ٹھیک ہوں آپ کیسے ہیں؟ لیکن حقیقت یہ ہے کہ میری دھڑکنیں غیر معمولی طور پر تیز تھیں۔

اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے ایک فلم میں ٹائیگر شروف کے ساتھ بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایک ایجنٹ کا کردار بھی کیا ہے لیکن یہ فلم فل الحال روک دی گئی ہے۔

’ٹائیگر شروف کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بھی بہت اچھا رہا وہ کافی اچھے انسان ہیں، بہت انکساری سے پیش آتے ہیں لیکن ان کو دیکھ کر وہ حال نہیں ہوا جو شاہ رخ کو دیکھ کر ہوا تھا ظاہر ہے کہ کنگ خان کی بات کچھ اور ہی ہے‘۔

شفینہ شاہ 2023 میں مس ورلڈ پاکستان کا ٹائٹل بھی جیت چکی ہیں اور ان بچوں کی صحت پر کام کررہی ہیں جن کے پیدائشی تالو اور ہونٹ کٹے ہوئے ہوتے ہیں۔


مزید خبریں :