Time 23 ستمبر ، 2024
پاکستان

کراچی سے لاہور پہنچنے والی پرواز کی ایمرجنسی لینڈنگ، مسافروں کو سلائیڈز کے ذریعے نکالا گیا

کراچی  سے لاہور   پہنچنے والے نجی  ائیرلائن  کے طیارے  نے ائیرپورٹ  پر  ایمرجنسی لینڈنگ کی ہے۔

ائیر پورٹ ذرائع کے مطابق  جہاز کے تمام دروازے کھول کر  مسافروں کو  سلائیڈز کے ذریعے نکالا گیا۔

 ائیرپورٹ ذرائع کا کہنا ہےکہ جہاز کی لینڈنگ  سے قبل فائربریگیڈ  اور  ایمبولینس کو بھی طلب کرلیا گیا  تھا۔

ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق  ایمرجنسی لینڈنگ سے قبل جہاز کی کارگو سائیڈ  سے دھواں اٹھتے دیکھا گیا، مسافروں کو جہاز کے اند رسے کوئی  سامان بھی اٹھانے  نہیں دیا گیا۔

جہاز کے مسافروں کے مطابق  جہاز کی لینڈنگ سے کچھ دیر قبل جہاز کا عملہ بھی دباؤ میں دکھائی دیا،  عملہ جہازکی لینڈ نگ سے قبل ائیر پریشر بھی چیک کرتا  رہا،  ایمرجنسی  لینڈنگ  سے قبل سیٹ نمبر 3 کے قریب اندر  اور  باہر سے دھواں اٹھتا محسوس ہوا۔

ائیرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ  جہاز کا کپتان غیر ملکی تھا جس نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ایمرجنسی لینڈنگ کی، جہاز کے اندر عملے سمیت 171 مسافر سوار تھے، تمام افراد محفوظ رہے۔ 

فلائی جناح کے ترجمان کی وضاحت:

فلائی جناح کے ترجمان نے کراچی سے لاہور جانے والی پرواز  پر اسموک الارم بجنے کے حوالے سے کہا کہ مذکورہ پرواز کے لاہور ائیر پورٹ پر لینڈنگ سے قبل کارگو ڈپارٹمنٹ میں دھویں کی نشاندھی کرنے والے اسموک الارم بجنے کا واقعہ پیش آیا، جس پر جہاز پر موجود عملے نے بین الاقوامی حفاظتی اقدامات کے تحت لاہور ائیر پورٹ کے حکام کو فوری طور پر اس واقعہ کی اطلاع دی ۔

ترجمان نے کہا کہ پرواز کو بحفاظت لاہور ائیر پورٹ پر اتار لیا گیا، ہماری تکینکی ٹیم الارم بجنے کی وجوہات جاننے کے لیے طیارے کے کارگو ڈپارٹمنٹ کا تفصیلی معائنہ کررہی ہے ۔

ترجمان کے مطابق ہم مسافروں کو پیش آنے والی زحمت پر معذرت خواہ ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ہمارے لیے اپنے مسافروں اور فضائی عملے کی سلامتی اولین ترجیح ہے۔

مزید خبریں :