Time 25 ستمبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

بھارتی اداکار ساتھی اداکارہ سے ریپ کے الزام میں گرفتار

بھارتی اداکار ساتھی اداکارہ سے ریپ کے الزام میں گرفتار
ملیالم اداکار ایڈویلا بابو کو 25 ستمبر کو رہپ کیس میں گرفتار کیا گیا—فوٹو: فائل

بھارتی اداکار اور ایسوسی ایشن آف ملیالم مووی آرٹسٹس کے سابق جنرل سیکرٹری ایڈویلا بابو کو ریپ کیس میں گرفتار کر لیا گیا۔

بھارت میں ان دنوں ملیالم فلم نگری میں اداکاراؤں کے جنسی استحصال سے متعلق ہیما کمیٹی کی رپورٹ جاری ہونے کے بعد بھارت میں ہلچل مچی ہوئی ہے۔

اس رپورٹ کے جاری ہونے کے بعد ملیالم انڈسٹری کی اداکاراؤں نے ساتھی اداکاروں اور فلمسازوں پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا ہے۔

اب ایک اور اداکارہ (جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا) کی شکایت پر ملیالم مووی آرٹسٹس کے سابق جنرل سیکرٹری اور اداکار ایڈویلا بابو کو ریپ کیس میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بابو کے خلاف پولیس نےخاتون اداکارہ کی شکایت  پر ریپ کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ایڈویلا بابو نے اپنی رہائش گاہ پر اسے  جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ 

ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم اب ان الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ ملیالم فلم انڈسٹری میں اداکاراؤں کے جنسی استحصال پر جاری ہونے والی ہیما کمیٹی رپورٹ میں بھی کہا گیا ہے کہ انڈسٹری میں خواتین کا سب سے بڑا مسئلہ جنسی طور پر ہراساں کرنا ہے اور کئی خواتین اس بارے میں کھل کر بات کرنے سے ڈرتی ہیں کیونکہ انہیں ڈر ہے اگر اس حوالے سے کچھ کہا تو انڈسٹری پابندی لگا دے گی اور کوئی کام نہیں دے گا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انڈسٹری میں خواتین کو ہراساں کرنا عام سی بات ہے، ڈائریکٹر، پروڈیوسر سے لے کر پروڈکشن کنٹرولر تک اس میں شامل ہیں، ملیالم فلم انڈسٹری میں ایڈجسٹمنٹ اور سمجھوتہ بہت عام الفاظ ہیں اور شواہد کی بنیاد پر یہ ماننا پڑا کہ انڈسٹری کے بڑے نام بھی اس میں ملوث ہیں۔

مزید خبریں :