16 اگست ، 2024
بھارت کی ٹی وی اداکارہ پریرنا ٹھاکر نے کاسٹنگ ڈائریکٹر کی جانب سے ماڈلنگ کیلئے ساتھ رات گزارنے کی پیشکش کی چیٹ لیک کردی۔
بھارت کی کئی اداکارائیں پروڈیوسرز اور ہدایتکاروں کی جانب سے کام کے بدلے جنسی تعلقات بنانے کی پیشکش کا انکشاف کرچکی ہیں اور متعدد نے کھل کر اس معاملے پر بات کی ہے۔
اداکارہ ایشا گپتا نے بھی انکشاف کیا تھاکہ جنسی تعلق بنانے سے انکار پر ایک فلم سے نکال دیا گیا تھا۔
اب ایک بار پھر بھارتی اداکارہ پریرنا ٹھاکر نے کاسٹنگ کاؤچ سے متعلق انکشاف کیا ہے۔
اداکارہ کے ساتھی اداکار موہت پرمار نے بتایاکہ اداکارہ پریرنا میری دوست ہیں اور انہوں نے مجھے میسج کرکے اپنے ساتھ ہونے والے واقعے کا بتایا ہے، باندرہ میں ساڑھی شوٹ کیلئے اداکارہ سے رابطہ کیا گیا جس کیلئے 40 ہزار بھارتی روپے ملنے تھے۔
انہوں نے کہاکہ اداکارہ نے اسکائی لائن سپری پروڈکشن کے کاسٹنگ ڈائریکٹر کو میسج کیا اور خود کے شوٹ کیلئے فٹ ہونے کا پوچھا جس پر ڈائریکٹر نے جواب دیا کہ یہ ایک ’کمپرومائز کام‘ ہے ایک بار ساتھ رات گزارنا ہوگی۔
ان کا کہناتھاکہ اداکارہ نے یہ پیشکش مسترد کردی جس کے بعد کاسٹنگ ڈائریکٹر نے اداکارہ کو کام نہ ملنے اور زندگی برباد کرنے کی دھمکیاں دیں۔
بعد ازاں اداکار نے کاسٹنگ ڈائریکٹر کی چیٹ انسٹاگرام پر لیک کردی۔
خیال رہے کہ پریرنا ٹھاکر ویب سیریز میں کام کرچکی ہیں اور ساتھ ہی ماڈلنگ بھی کرتی ہیں۔