Time 25 ستمبر ، 2024
جرائم

کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے باپ جاں بحق، بیٹا زخمی

کراچی کے علاقے کورنگی بلال چورنگی کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے  باپ جاں بحق اور  بیٹا زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق شہری عبدالمالک بینک سے 10 لاکھ روپے نکال کر لارہا تھا، دو موٹرسائیکلوں پر تین ملزمان پہنچے، ملزمان نے اسلحہ نکالا  اور لوٹنے کی کوشش کی، ملزمان کو  دیکھتے ہی عبدالمالک نے رقم دور  پھینک دی، مزاحمت پرڈاکوؤں نے عبدالمالک  پر  فائرنگ کردی جس سے  وہ جاں بحق ہوگیا۔

اس دوران  ایک ڈاکو  نے رقم والا بیگ اٹھایا تو آدھی رقم زمین پر گرگئی،  مقتول عبدالمالک کے بیٹے نے موٹرسائیکل سوار  ڈاکو  پر فائرنگ کی، ڈاکو کو گولیاں لگیں تو وہ زمین پر گرگیا، موٹرسائیکل سوار  ڈاکو  فرار  ہونے لگے تو مقتول کے بیٹے نے پیچھا کیا، ملزمان نے اسے بھی گولیاں ماریں جس سے وہ زمین پر گرگیا۔

ایس ایس پی کورنگی توحید رحمان کے مطابق جائے وقوعہ سے 9 ایم ایم پستول کی گولیوں کے 4 خول ملےہیں۔

ایس ایس پی کورنگی کے مطابق   پولیس نے فرار ہونے والے 3 میں سے ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم کے قبضے سے 3 لاکھ روپے برآمد ہوئے ہیں۔گرفتار ملزم کی سی سی ٹی وی ویڈیو کے ذریعے بھی شناخت کرلی گئی ہے۔ ملزم پر ڈکیتی اورغیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمات درج ہیں۔

مزید خبریں :