Time 25 ستمبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

لاہور میں شوہر،کراچی میں حنا چوہدری: یہ رشتہ کیسے چل رہا ہے؟

پاکستانی اداکارہ حنا چوہدری ان فنکاروں میں سے ہیں جن کے خاندان میں کسی کا تعلق شوبز سے نہیں لیکن محنت سے انہوں نے شوبز انڈسٹری میں اپنے قدم جما لیے ہیں ۔

وہ ایک ماں کے فرائض بھی نبھا رہی ہیں اور ڈرامہ انڈسٹری میں کام بھی کررہی ہیں جبکہ ان کی نئی فلم بھی پاکستان بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کر دی گئی ہے۔

حال ہی میں اداکارہ حنا چوہدری نے جیو ڈیجیٹل کو دیے  گئے انٹرویو میں ان تمام موضوعات سمیت اپنی نجی اور پیشہ ورانہ زندگی پر تفصیلی گفتگو کی۔

انہوں نے بتایا کہ جب فینز کو پتہ چلا کہ وہ ایک بیٹی کی ماں بھی ہیں تو انہیں بہت زیادہ حیرانی ہوئی تھی۔

حنا چوہدری نے کہا کہ’دراصل میں نے ایک ڈرامے میں ٹام بوائے کا کردار کیا تھا جو ناظرین میں بڑا مقبول ہوا تھا اس کردار کو کافی پسند کیا گیا جس کے بعد سب مجھے ویسا ہی سمجھتے لگے، لوگوں کے لیے یہ جاننا کہ میری ایک بیٹی بھی ہے بہت زیادہ حیران کن تھا کیونکہ اکثر لوگ یہ نہیں جانتے تھے‘۔

انہوں نے کہا کہ میرے شوہر لاہور اور میں کراچی میں رہتی ہوں لہٰذا ہمارا رشتہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے منگنی شدہ افراد کا ہوتا ہے، ہم ہر وقت فون پے ساتھ ہوتے ہیں، ہماری بات ہو رہی ہوتی ہے بس فرق یہ ہے کہ بیٹی بھی ساتھ ہے۔

حنا چوہدری نے کہا کہ ایک دوسرے سے دور رہنا جہاں مشکل ہے وہیں دور رہنے کے کچھ فائدے بھی ہیں مثلاً آپ کے پاس باتیں اتنی ہوتی ہیں کہ لڑنے کا ٹائم ہی نہیں ملتا، اداکارہ نے کہا کہ کوئی نظر نہ لگائے لیکن میری شوہر سے کبھی لڑائی نہیں ہوتی۔

حنا نے شوہر سے دور رہ کر شادی کے بندھن کو نبھانے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‘شروع میں میں بہت پریشان ہوتی تھی کیونکہ عام طور پر شوہر دوسرے شہر یا ملک میں ہوتا ہے اور بیگم گھر پر یا سسرال میں ہوتی ہے لیکن ہمارے معاملے میں یہ مختلف تھا کیونکہ ہم دونوں ہی الگ الگ شہروں میں کام کرتے تھے، میں اپنے شوہر سے کہا کرتی تھی کہ ہم دونوں ہی الگ رہیں گے لوگ کیا کہیں گے؟ انہوں نے مجھے سمجھایا کہ تم یہ سمجھ لو ہمارے رول ریورس ہوگئے ہیں، بس میں شہر سے باہر کام کرتا ہوں تم یہیں ہو‘۔

حنا نے کہا کہ مشکل تو ہوئی لیکن پھر آہستہ آہستہ اس چیز کی عادی ہوگئی۔

شوہر سے دور رہنے کے باوجود حنا کا کہنا ہے کہ ان کا رشتہ مضبوط ہے اور جب بھی وہ ان سے ملنے جاتی ہیں تو ایسے ہی احساسات ہوتے ہیں جیسے شادی کے ابتدائی دنوں میں ہوتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ’میرے دل کی دھڑکنیں تیز ہوجاتی ہیں، خوشی محسوس ہوتی ہے، ایک عجیب سی ہی مسرت ہوتی ہے جو کہ بہت اچھی بات ہے شادی کے بعد ایک دوسرے سے ملاقات کرنے کی خوشگواریت برقرار رہنی چاہیے ۔

شوبز انڈسٹری میں آنے سے قبل کیا سن رکھا تھا ؟

حنا چوہدری کا شمار ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جن کے خاندان میں دور دور تک شوبز انڈسٹری سے کسی کا تعلق نہیں ہے ۔

اداکاری کے سفر کے بارے میں حنا نے بتایا کہ’شوبز میں آنا بہت چیلنجنگ تھا کیونکہ میری فیملی کا خیال تھا کہ گھر کی لڑکی کو ٹی وی پے نہیں جانا چاہیے، گھر والوں کو سمجھانے میں بہت مشکل ہوئی لیکن وقت کے ساتھ سب کو سمجھ آجاتا ہے ‘۔

تو کیا آپ نے بھی اس انڈسٹری کے بارے میں منفی باتیں سن رکھی تھیں؟‘ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ ’بالکل میں نے بہت سی باتیں سن رکھی تھیں کہ یہ فیلڈ صحیح نہیں ہے لیکن ایسا تو ہر فیلڈ کے بارے میں کہا جاتا ہے ،کیونکہ میں نے انڈسٹری میں آنے سے پہلے جابز کی ہیں تو مجھے اندازہ ہے کہ مینیوپلیٹ کرنے والے لوگ تو ہر شعبے میں ہوتے ہیں لیکن ہماری فیلڈ اس لیے زیادہ بدنام ہے کیونکہ سب سامنے ہے‘۔

حنا نے مزید کہا کہ یہاں آپ کے ساتھ کوئی زبردستی نہیں ہوسکتی اب تو زمانہ بدل گیا ہے، سوشل میڈیا پر کی گئی ایک پوسٹ بہت کچھ کرسکتی ہے ، البتہ اللہ کی شکر گزار ہوں کہ مجھے بہت اچھے لوگ ملے۔

انہوں نے کہا کہ ’مجھے انڈسٹری میں بہت اچھے لوگ ملے، ایک ڈرامے کی شوٹ کے دوران جب میں حاملہ تھی، ساری ٹیم میرا گھر والوں کی طرح خیال رکھتی تھی، میرے کھانے پینے کا آرام کرنے کا سب کو احساس ہوتا تھا، کئی بار ایسا ہوا جب میرے لیے ٹیم میں شامل افراد گھر سے کھانا پکا کر بھی لائے کیونکہ انہیں معلوم تھا کہ میرا کراچی میں کوئی نہیں ہے‘۔

کچھ عرصہ قبل اداکارہ نمرہ خان کو اغواہ کرنے کی کوشش سے متعلق خبر گردش کررہی تھی۔ جیو ڈیجیٹل نے حنا چوہدری سے پوچھا کہ فنکاروں کو زیادہ سفر کرنا پڑتا ہے ،اپنی حفاظت کے معاملے میں حنا کس طرح کام لیتی ہیں؟

اداکارہ نے کہا کہ شوہر کو اور سسرال والوں کو شوق ہے کہ ہاتھوں میں انگھوٹھی، سونے کی چین وغیرہ پہنوں تاکے شادی شدہ خاتون لگوں، لیکن جب بھی میں کراچی آتی ہوں کوئی زیور پہن کر نہیں آتی، جرم کسی بھی شہر میں ہوسکتا ہے اس میں کراچی یا لاہور شہر ہونا لازمی نہیں ہے ۔باقی امی نے عادت ڈالی ہوئی ہے نکلتے وقت آیت الکرسی، چاروں قل اور درودھ شریف پڑھ کر نکلتی ہوں ،حفاظت کرنے والی ذات اللہ کی ہے ، ہونے والی بات کہیں بھی ہوسکتی ہے‘۔

اپنی نئی فلم ’کان نگر‘ پر بات کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ یہ کوئلے کے کانوں کی کہانی ہے جس میں ٹیکس ڈپارٹمنٹ ایف بی آر کا بھی ایک بہت بڑا کردار نظر آئے گا فلم بلوچستان میں شوٹ کی گئی ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ جس دن میں وہاں پہنچی پارہ انتہائی کم ہوگیا تھا، سردی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے میری کپکپکی بندھ گئی، مجھے لگا تھا آج مجھے کچھ ہوجائے گا مجھ سے ڈائیلاگ تک نہیں بولے جارہے تھے، جو وارڈروب ہم لے کر گئے تھے وہ نارمل کپڑوں پر مشتمل تھا لہٰذا میرا تمام وارڈروب تبدیل کرنا پڑا، میرے لیے یہ بہت ہی مشکل مرحلہ تھا‘۔

حنا چوہدری کا کہنا ہے کہ وہ جلد جیو انٹرٹینمنٹ پر بھی نظر آئیں گی البتہ کہانی کے حوالے سے کچھ بھی کہنا ابھی قبل از وقت ہے۔

مزید خبریں :