25 ستمبر ، 2024
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ خواہش ہے آئینی ترامیم اتفاق رائے سے منظورہوں۔
اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان سے سینیئر صحافیوں نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہناتھاکہ خواہش ہے آئینی ترامیم اتفاق رائےسے منظور ہوں، آئینی عدالت کے قیام کے حق میں ہوں، وزیر اعظم شہبازشریف نے صرف اتنا کہا ہمیں سپورٹ کرو۔
انہوں نے کہا کہ کسی شخص کیلئے ترمیم کے حق میں نہیں، لڑائی اور ڈیڈ لاک اپنے من پسند افراد کیلئے ہے، چاہتے ہیں مفادات سے بالاتر ہوکر وسیع ترقومی مفاد میں ترمیم ہو۔
ان کا کہنا تھاکہ ایکسٹینشن مفادات کی بنیاد پر نہیں بلکہ ضرورت کی بنیاد پر ہونی چاہیے، ایک صوبے سے قوم پرست، دوسرے سے مذہبی جماعتوں کو دھاندلی سے باہرکیاگیا، بلوچستان اورخیبرپختونخوا میں ریاست کی عملداری ختم ہوگئی ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ انتخابات میں اداروں کا کردار ملک کومتحد رکھنے کی علامت قرار نہیں دیاجاسکتا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا تھاکہ آئینی عدالت ضروری اور مجبوری ہے اس لیے آئینی عدالت بنا کر رہیں گے۔