Time 25 ستمبر ، 2024
دنیا

’ہم بدلہ لیں گے‘، تہران میں فوجی سازوسامان کی نمائش کیساتھ اسماعیل ہنیہ کی تصاویر بھی لگ گئیں

مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے دوران ایران نے دارالحکومت تہران کی شاہراہوں پر فوجی سازوسامان سجا دیا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق نمائش کا مقصد اسرائیل کو خبردار کرناہے کہ ایران حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد جوابی کارروائی کے لیے تیار ہے۔

تہران کی سڑکوں پر بھاری فوجی سازوسامان کے ساتھ بینرز بھی لگائے گئے جن پر لکھا تھا ہم بدلہ لیں گے، ساتھ ہی اسماعیل  ہنیہ اور ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر قاسم سلیمانی کے پوسٹرز بھی نظر آئے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کی  جنرل اسمبلی سے خطاب میں ایرانی صدر نے فلسطین میں نسل کشی کےخاتمے اورغزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے اپنے دفاع کے بہانے نسل کشی کی ہے۔

اس سے قبل ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے نیو یارک پہنچنے کے بعد کہا تھا کہ ایران اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا ’مناسب انداز‘ میں جواب دے گا۔

مزید خبریں :