25 ستمبر ، 2024
اسلامی نظریاتی کونسل کا 11 رکنی وفد دورہ چین کے بعد وطن واپس پہنچ گیا۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل راغب حسین نعیمی کی سربراہی میں وفد نے دورہ کیا اور وفد میں بیرسٹرظفراللہ خان، مولانا حامدالحق حقانی،مولانا محمد ادریس اور دیگر شامل تھے۔
اعلامیے کے مطابق وفد نے چینی وزارت خارجہ کے نمائندوں، مساجد کمیٹیوں اور کمیونسٹ پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔
وفد کو شیان کی قدیمی مسجد، کاشغرکی عیدگاہ مسجد، سنکیانگ مسلم انسٹی ٹیوٹ کادورہ بھی کرایاگیا، وفد نے مسلم رہنماؤں شیخ عبدالرقیب، شیخ ابراہیم اور شیخ جمعہ سے بھی ملاقات کی۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل راغب نعیمی کا کہنا تھاکہ سنکیانگ میں مسلمانوں سے متعلق پالیسیاں مثبت ہیں، سنکیانگ کے مسلمان مثبت چینی پالیسیوں کے سبب معاشی اور مذہبی آزادی کی دوڑ میں شامل ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ چینی حکومت مذہبی اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی تعمیرنوپر توجہ دے رہی ہے، چین میں مسلم رسم و رواج کی ادائیگی کی طرف بھی توجہ کی جارہی ہے۔