Time 26 ستمبر ، 2024
پاکستان

توشہ خانہ 2 کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائدکرنےکی تاریخ مقرر

اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی  پر فرد جرم عائدکرنےکی تاریخ  مقرر کردی۔

اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے ضمانت بعداز گرفتاری کی درخواستوں پراڈیالہ جیل میں سماعت کی۔

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔ وکلا صفائی نے ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواستوں پر اپنے دلائل مکمل کرلیے۔ پراسیکیوشن ٹیم کے ضمانت کی درخواستوں پر دلائل مکمل نہ ہوسکے، پراسیکیوشن نے دلائل کے لیے عدالت سے مزید وقت مانگ لیا۔

وکلا صفائی کی جانب سے دلائل کے لیے  پراسیکیوشن کو مزید وقت دینےکی مخالفت کی گئی۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے درخواست کی کہ عدالت ضمانت کی درخواستوں  پر  آج  ہی فیصلہ کرے، اگر کچھ نہیں ہونا تو عدالت ہماری ضمانت کی درخواستیں خارج کردے، سماعت کی آج کی تاریخ بھی پراسیکیوشن کی مرضی سے دی گئی تھی، اب کیا ہرکام پراسیکیوشن کی مرضی سے ہوگا۔

اس موقع پر  بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے بھی روسٹرم پر جا کر  آج ہی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ کرنے کی استدعا کی۔

 جو ہو رہا ہے یہ انصاف نہیں، عمران خان

 عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم انصاف  چاہتے ہیں، جو ہو رہا ہے  یہ انصاف نہیں، الیکشن سے پہلے 5 دنوں میں 3 سزائیں سنادی گئیں، بشریٰ بی بی کا اس کیس سے کچھ لینا دینا نہیں پھر بھی جیل میں ہے، ہم 22 گھنٹے جیل کے دڑبے میں گزارتے ہیں، عدالت ضمانت کی درخواستوں پر آج ہی فیصلہ کرے۔

عدالت نے پراسیکیوشن کو دلائل کے لیے  مزید وقت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 28 ستمبر تک  ملتوی کردی۔

اس کے علاوہ عدالت نے توشہ خانہ ٹوکیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کرنےکی تاریخ بھی مقررکردی۔

عدالت کے مطابق  توشہ خانہ ٹوکیس میں 2  اکتوبرکو  بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کی جائےگی۔

مزید خبریں :