27 ستمبر ، 2024
اسرائیل نے گزشتہ رات لبنان، شام سرحد کے قریب فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں 5 شامی فوجی ہلاک ہوگئے۔
عرب میڈیا کی خبر کے مطابق شام سے ہونے والے ڈرون حملوں کے بعد کل رات اسرائیلی فوج نے شام لبنان بارڈر پر قائم شامی فوج کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 5 شامی فوجی ہلاک ہوئے۔
خبر کے مطابق اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے شام، لبنان بارڈر پر قائم انفرااسٹکچر پر حملہ کیا جس کے ذریعے حزب اللہ شام کے راستے لبنان میں اسحلہ منتقل کر رہی تھی۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل شام میں موجود مزاحمتی قوتوں نے ڈرون طیاروں سے شمالی اسرائیل کی ایلات بندرگاہ کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوئے تھے۔
دوسری جانب لبنان پر اسرائیلی حملے شروع ہونے کے بعد ہزاروں لوگ بے گھر ہیں جبکہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد شام کی طرف ہجرت کررہی ہے۔
اقوام متحدہ کی پناہ گزیں ایجنسی کے مطابق گزشتہ 3 دنوں میں 30 ہزار سے زائد شہری جن کی اکثریت کا تعلق شام سے تھا وہ لبنان سے شام ہجرت گرگئے جب کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران لبنان میں 90 ہزار سے زائد لوگ بے گھر ہوگئے ہیں۔