27 ستمبر ، 2024
مزاحیہ گلوکاری سے سوشل میڈیا پر شہرت پانے والے برطانوی پاکستانی گلوکار چاہت فتح علی خان نے کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے قومی کرکٹر کو منفرد مشورے دیے ہیں۔
چاہت فتح علی خان جن کا اصل نام کاشف رانا ہے وہ اپنے منفرد انداز میں گانے کی وجہ سے اکثر میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں، کسی کو شاید معلوم ہوا نہ ہو کہ وہ پاکستان کے فرسٹ کلاس کرکٹر رہ چکے ہیں ۔
چاہت فتح علی خان ملک کے سب سے بڑے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی کے 1983 اور 1984 کے سیزن میں لاہور کی ٹیم کا حصہ تھے۔ انہوں نے 2 فرسٹ کلاس میچ کھیلے جس میں انہوں نے 3 اننگز میں 16 رنز بنائے۔
بعد ازاں وہ بہتر مستقبل کی تلاش میں برطانیہ چلے گئےاور وہاں 12 سال تک کلب کرکٹ بھی کھیلی۔
برطانیہ میں جیو نیوز کے نمائندے مرتضیٰ علی شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے چاہت فتح علی خان نے قومی کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکرگی کے حوالے سے بات کی۔
چاہت فتح علی خان نےکہا کہ ، امریکا سے ہار گئے، بنگلادیش سے بھی ہار گئے، لگتا ہے کھلاڑیوں نے دودھ پینا بندکردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب میں کرکٹ کھیلتا تھا تو دن میں 2 بار دودھ پیتا تھا، جس کی وجہ سے جسم ٹھیک رہتا ہے۔
چاہت فتح علی خان نے قومی کرکٹرز کو مشورہ دیا کہ دودھ پئیں، دہی اور پھل کھائیں اور فوکس رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر ٹیم پر زوال ضرور آتا ہے، ایک وقت تھا بھارتی ٹیم میچ نہیں جیت پاتی تھی اور اب کہیں بھی جائے وہ بہت اچھی کرکٹ کھیلتی ہے۔ پاکستان ٹیم کے ساتھ مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ کیا مورال کی کمی ہے یا اور کوئی وجہ ہے، جو بھی کریں خوشی سے کریں۔