فیکٹ چیک: ٹول پلازہ توڑ پھوڑ کی ویڈیو پاکستان نہیں بلکہ بنگلہ دیش کی ہے

ڈھاکہ ٹریبیون کی 18 ستمبر کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ ڈھاکہ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے پر کوریل ٹول پلازہ کے مقام پر پیش آیا۔

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف (PTI) کی ایک سیاسی ریلی کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بڑے پیمانے پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ جب PTI کے کارکنوں کو شہر میں داخل ہونے سے پہلے ٹول ٹیکس ادا کرنے کا کہا گیا تو انہوں نے انکار کرتے ہوئے ٹول پلازہ کی توڑ پھوڑ شروع کر دی۔

اس ویڈیو نے فیس بک اور X (سابقہ ٹوئٹر) جیسے پلیٹ فارمز پر مختلف دعوؤں کو جنم دیا، کچھ سوشل میڈیا صارفین نے عوامی املاک کو نقصان پہنچانے پر پاکستان تحریک انصاف کو ”دہشت گرد تنظیم“ بھی قرار دیا۔

یہ دعویٰ غلط ہے اور اس ویڈیو کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔

دعویٰ

22 ستمبر کو ایک فیس بک صارف نے 1 منٹ سے زائد دورانیے کی CCTV فوٹیج پوسٹ کی، جس میں مبینہ طور پر کچھ افراد کو ٹول پلازہ کو نقصان پہنچاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

صارف نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ”یہ بد تہذیب، بداخلاق گاڑی کا ٹول ٹیکس دینے کی بجائے توڑ پھوڑ پر اتر آئے۔ یہ [ہے] PTI کا اصل چہرہ ۔“

فیکٹ چیک: ٹول پلازہ توڑ پھوڑ کی ویڈیو پاکستان نہیں بلکہ بنگلہ دیش کی ہے

یہ دعویٰ X، جسے پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا، پر بھی بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا، جہاں کچھ لوگوں نے پاکستان تحریک انصاف پر عوامی املاک کو نقصان پہنچانے پر ”دہشت گرد تنظیم“ ہونے کا الزام بھی لگایا۔

دعوے یہاں، یہاں اور یہاں دیکھے جا سکتے ہیں۔

حقیقت

گوگل ریورس امیج سرچ اور اس ویڈیو کی مکمل تحقیق کرنے پر جیو فیکٹ چیک کو اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ یہ ویڈیو درحقیقت بنگلہ دیش میں ریکارڈ کی گئی تھی نہ کہ پاکستان میں۔

گوگل امیجز کا استعمال کرتے ہوئے جیو فیکٹ چیک کو معلوم ہوا کہ یہ ویڈیو پہلی مرتبہ 18 ستمبر کو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی گئی تھی، جو سابق وزیر اعظم عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 21 ستمبرکو لاہور میں ہونے والے سیاسی جلسے سے پہلے کی ہے۔

ڈھاکہ ٹریبیون کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ ڈھاکہ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے پر کوریل ٹول پلازہ کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب ایک پک اپ میں سفر کرنے والے افراد نے ٹول پلازہ کے ملازمین سے جھگڑا شروع کر دیا اور روکنے کیلئے لگائے گئے بیریئر کو توڑ دیا۔

ڈھاکہ ٹریبیون کی مکمل رپورٹ یہاں پڑھی جا سکتی ہے۔

اس کے علاوہ، ویڈیو میں موجود گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کا فارمیٹ پاکستان میں استعمال ہونے والی نمبر پلیٹس سے بالکل مختلف ہے، جس سے وائرل دعوؤں کی مزید تردید ہوتی ہے۔

ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرام@geo_factcheck پر فالو کریں۔

اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔