28 ستمبر ، 2024
اسلام آباد: اسلام آباد ٹول پلازہ پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے دوران پیشہ ورانہ ذمہ داری ادا کرنے کے دوران پولیس نے جیو نیوز کے رپورٹر حیدر شیرازی اور دیگر صحافیوں پر تشدد کیا اور انہیں گرفتار کرلیا۔
پولیس کی جانب سے جیو نیوز کے رپورٹر حیدر شیرازی پر شدید تشدد کیا گیا۔ حیدر شیرازی اسلام آباد ٹول پلازہ پر تحریک انصاف کے احتجاج کو کورکررہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق ایک شخص پر تشدد کی ویڈیو بنانے پر پولیس نے جیو نیوز کے رپورٹر حیدر شیرازی اور دیگر صحافیوں پر بھی تشدد کیا، پولیس نے صحافیوں کے موبائل فون بھی لے لیے۔
پولیس کی جانب سے حیدر شیرازی کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب نے صحافیوں پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا۔
سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے تشدد کے ذمہ دار اہلکاروں کو معطل کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ تشدد کا نشانہ بننے والے صحافیوں کی شکایت کا ازالہ کریں گے۔