Time 29 ستمبر ، 2024
دنیا

حسن نصر اللہ کے اختتام سے انصاف کا عمل پورا ہوا، غزہ اور لبنان میں جنگ بندی ہونی چاہیے : بائیڈن

حسن نصر اللہ کے اختتام سے انصاف کا عمل پورا ہوا، غزہ اور لبنان میں جنگ بندی ہونی چاہیے : بائیڈن
حسن نصر اللہ کے اختتام سے انصاف کا عمل پورا ہوا، اب غزہ اور لبنان میں جنگ بندی ہونی چاہیے: بائیڈن —فوٹو: فائل

امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کے اختتام سے انصاف کا عمل پورا ہوا، اب غزہ اور لبنان میں جنگ بندی ہونی چاہیے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے حسن نصر اللہ کی اسرائیلی حملے میں شہادت کو اسرائیل کا منصفانہ اقدام قرار دیتےہوئے کہا ہے کہ امریکا حزب اللہ، حماس،حوثیوں اور ایرانی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کے خلاف اسرائیل کے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

جو بائیڈن نے کہا کہ حسن نصر اللہ کے اختتام سے انصاف کا عمل پورا ہوگیا ہے ، اب غزہ اور لبنان میں جنگ بندی ہونی چاہیے۔

اس کے علاوہ امریکی صدر نے جارحیت روکنے اور وسیع تر علاقائی جنگ کے خطرات کم کرنے کے لیے مشرقی وسطیٰ میں امریکا کی فوجی دفاعی پوزیشن مزید بہتربنانے کا اعلان  کیا۔

دوسری جانب امریکی وزیردفاع لائیڈ آسٹن نے اسرائیلی وزیردفاع گیلنٹ سے رابطہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور اس کی حمایت یافتہ پراکسیزکو روکنے اور خطے میں امریکی افواج،تنصیبات کی حفاظت کے لیے تیار ہیں۔

خیال رہے کہ جمعہ کو لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہونے والے اسرائیلی حملے میں حزب اللہ سربراہ حسن نصر اللہ شہید ہوگئے۔

ہفتے کو حزب اللہ نے سربراہ کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رہے گی، غزہ اور فلسطین کی حمایت، لبنان کے دفاع کیلئے اپنا جہاد جاری رکھیں گے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا تھاکہ بیروت میں حزب اللہ سربراہ حسن نصراللہ پر حملے کیلئے بنکر بسٹر بموں کےساتھ 80ٹن سے زائد بارود استعمال کیاگیا۔

مزید خبریں :