29 ستمبر ، 2024
گوجرانوالہ میں مضرصحت کھانا کھانےسے دو کم عمر بچوں کی ہلاکت کے واقعے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق فارنزک رپورٹ میں بچوں کو کھانے میں زہر دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے،
پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہلاکت کا واقعہ جون میں کامونکی میں پیش آیا تھا، 23 جون کو خاتون کو 3 کم عمر بچوں سمیت اسپتال لایا گیا تھا، شوہر نے بتایا تھا کہ گھر میں رکھا کھانا کھانے سے طبیعت خراب ہوئی۔
دوران علاج تین سال کابچہ اور6 ماہ کی بچی دم توڑگئی تھی جبکہ خاتون اور اس کے دو سالہ بیٹے کو بچا لیا گیا تھا،خاتون نے شوہر پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے پولیس کو درخواست دی تھی، جس کے بعد جاں بحق بچوں کی قبر کشائی ہوئی اور نمونے فارنزک لیب بھجوائے گئے تھے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ فارنزک رپورٹ میں زہر کے انکشاف پر مقدمہ درج کر کے ملزم باپ کو گرفتار کر لیا اور اس سے تفتیش کی جا رہی ہے، خاتون اسکول ٹیچر اور شوہر نجی کالج میں پروفیسر ہے۔