29 ستمبر ، 2024
ویسے تو کروڑوں برسوں سے ہماری زمین کے گرد بس ایک ہی چاند چکر لگا رہا ہے مگر اب ہمارا سیارہ ایک اور چاند کا خیرمقدم کرنے کے لیے تیار ہے۔
2024 پی ٹی ایس نامی سیارچہ 2 ماہ کے لیے ہماری زمین کا چھوٹا چاند یا منی مون (mini moon) بننے والا ہے۔
29 ستمبر سے یہ سیارچہ زمین کے مدار میں چکر لگانا شروع کرے گا اور 25 نومبر تک یہاں موجود رہے گا۔
اس سیارچے کو امریکی خلائی ادارے ناسا کے ایک پراجیکٹ نے اگست 2024 میں دریافت کیا تھا اور اب وہ زمین تک پہنچ گیا ہے۔
یہ سیارچہ ارجنا نامی سیارچوں کی پٹی کا حصہ ہے جو سورج کے گرد گھومتا ہے۔
مگر اب وہ زمین کے قریب پہنچ گیا ہے اور ہمارے سیارے کی کشش اسے مزید قریب لے آئی ہے۔
نومبر کے آخر میں وہ زمین کے مدار سے نکل جائے گا اور نظام شمسی میں اپنا سفر جاری رکھے گا۔
سائنسدانوں کے خیال میں یہ زمین کے 25 فیصد حصے کے گرد چکر لگائے گا۔
یہ چاند ہمارے لیے دیکھنا ممکن نہیں ہوگا بلکہ چھوٹی ٹیلی اسکوپ سے بھی نظر نہیں آئے گا۔
یہ سیارچہ 2055 میں ایک بار پھر واپس لوٹے گا اور ہوسکتا ہے کہ اس وقت پھر زمین کا منی مون بن جائے مگر ابھی کچھ کہنا ممکن نہیں۔