Time 30 ستمبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

بھارتی گلوکار دلجیت نے حریف ممالک کے درمیان محبتوں کا سفیر بن کر دل جیت لیے

بھارتی اسٹار گلوکار دلجیت دو سانجھ برطانیہ میں ایک پرفارمنس کے دوران بھارت اور پاکستان کے درمیان محبتوں کے سفیر بن گئے۔

مانچسٹر میں ہونے والے  کانسرٹ کےدوران  دلجیت نے اپنی ایک مداح کو اسٹیج پر بلایا اور  تحفہ دے کر  پوچھا کہ آپ کہاں سے ہیں؟ خاتون مداح کے منہ سے پاکستان کا نام نکلتے ہی دلجیت نے پاکستانیوں کے لیے اپنا پیار بھرا دل کھول کر رکھ دیا۔

دلجیت نے رواں سال مئی میں امریکی شہر ڈیلس میں پرفارمنس کے دوران پاکستانی گلوکار عارف لوہار کا جگنی بھی گایا تھا۔

دلجیت دوسانجھ کا فنی کیرئیر

بھارتی شہر جالندھر سے 2002 میں اپنے فنی سفر کا آغاز کرنے والے دلجیت دوسانجھ کا شمار  آج بڑے پنجابی سپر اسٹارز میں ہوتا ہے، وہ نا صرف گلوکاری میں چھاگئے ہیں بلکہ اداکاری میں بھی کئی اداکاروں کو  پیچھے چھوڑ رہے ہیں، سائیڈ رول سے اداکاری شروع کرنے والا دلجیت کو ہندی سنیماؤں کی اسکرین پر اب بطور ہیرو بھی پسند کیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دلجیت ایک پرفارمنس کے کروڑوں روپے معاوضہ وصول کرتے ہیں، اس وقت ان کی دولت کا تخمینہ لگ بھگ 5 ارب 70 کروڑ پاکستانی روپوں کے قریب ہے ۔

خبریں ہیں کہ بھارت کی امیرترین امبانی فیملی میں حال ہی میں ہونے والی شادی کی تقریب میں دلجیت دوسانجھ نے پرفارم کرنے کے 30کروڑ  بھارتی روپے معاوضہ وصول کیا کیےجو پاکستانی روپوں میں تقریباً ایک ارب روپے بنتے ہیں۔

یہی نہیں کینیڈا، امریکا اور یورپ کے کئی ممالک میں پنجابی گانوں پر انگریزوں کو بھی رقص  پر مجبور کرنے والے دلجیت دوسانجھ تیزی سے شہرت کی بلندیوں کو چھوتے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں :