30 ستمبر ، 2024
ماہرین نے ترکیہ کے ایک تاریخی شہر کے کھنڈرات میں 8 ہزار سال پرانا آئی لائنر دریافت کیا ہے۔
اس قسم کا آئی لائنر موجودہ عہد میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
اسے مغربی ترکیہ کے قدیم علاقے Yeşilova Höyük کے کھنڈرات میں دریافت کیا گیا۔
اس آئی لائنر کی پتھر سے بنی ڈبی کے ساتھ سیاہ رنگ آنکھوں پر لگانے والی سلائی کو بھی دریافت کیا گیا۔
حیران کن طور پر سلائی پر اب بھی سیاہ پینٹ کے آثار موجود ہیں۔
تحقیقی ٹیم کے قائد ظفر دارین نے کہا کہ صدیوں سے آئی لائنر کا استعمال دنیا بھر میں کیا جا رہا ہے بلکہ ہم نے جو کچھ دریافت کیا، اس طرح کا آئی لائنر آج بھی متعدد خطوں میں استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دریافت سے عندیہ ملتا ہے کہ ہزاروں سال پہلے بھی خواتین میک اپ کی شوقین تھیں۔
ان کا تخمینہ ہے کہ یہ آئی لائنر 8200 سال پرانا ہے۔
Yeşilova Höyük ترکیہ کا قدیم خطہ ہے جس کے قریب اب ازمیر شہر موجود ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ یہ خطہ 4 ہزار قبل مسیح تک آباد تھا اور وہاں کھدائی کے دوران سرکنڈوں کے آثار ملے جن کو اس زمانے میں گھروں کی تیاری اور آگ جلانے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
اسی طرح کچھ مقامات پر ایسے آثار ملے ہیں جن سے عندیہ ملتا ہے کہ یہاں پتھروں سے بنی ہوئی عمارات موجود تھیں۔
آئی لائنر کی ڈبی 10 سینٹی میٹر لمبی اور ایک سینٹی میٹر چوڑی ہے۔