30 ستمبر ، 2024
دنیا کے مضبوط ترین انسانوں میں سے ایک سمجھے جانے والے ایڈی ہال کی طاقت کا راز سامنے آگیا ہے۔
ایڈی ہال نے 2017 میں ورلڈز اسٹرونگسٹ مین نامی مقابلہ جیتا تھا اور اب سائنسدانوں نے ان کی طاقت کا راز جاننے کے لیے ایک تحقیق کی۔
جرنل فزیولوجی میں شائع تحقیق میں یہ دیکھا گیا تھا کہ ایڈی ہال کا جسم دیگر افراد سے مختلف کیوں ہے اور کس چیز نے انہیں دیگر سے زیادہ مضبوط بنایا۔
تحقیق میں ان کے مسلز اور دیگر جسمانی اسٹرکچر کا تجزیہ کیا گیا۔
500 کلو گرام سے زیادہ وزن اٹھانے والے ایڈی ہال پر تحقیق سے سائنسدانوں کو یہ جاننے کا موقع ملا کہ کونسے مخصوص مسلز اور ریشے ان کی حیران کن مضبوطی میں کردار ادا کرتے ہیں۔
بعد ازاں ان نتائج کا موازنہ دیگر افراد کے ساتھ کیا گیا۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ایڈی ہال کے مسلز کا حجم جسمانی طور پر متحرک رہنے والے عام صحت مند افراد سے دوگنا زیادہ ہے۔
ان کی ٹانگوں کے مسلز کا حجم زیادہ ہے خاص طور پر 3 پتلے مسلز کا جو دیگر افراد کے مقابلے میں ڈھائی سے 3 گنا زیادہ بڑے دریافت ہوئے۔
تحقیق کے مطابق ان مسلز کے بننے سے بھاری وزن اٹھانے، کھینچنے اور لے کر چلنے میں نمایاں مدد ملتی ہے۔
ان کی رانوں کے مسلز کا حجم عام افراد سے دوگنا زیادہ تھا جبکہ ان مسلز کو جوڑنے والے گھٹنوں کے پٹھے دیگر افراد کے مقابلے میں 30 فیصد بڑے تھے۔
محققین کے مطابق ٹانگوں کے مسلز جتنے بڑے ہوں گے، جسمانی مضبوطی اور طاقت میں اضافے کا امکان اتنا زیادہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایڈی ہال کی پنڈلیاں اور ٹانگوں کے مسلز دیگر افراد سے زیادہ مضبوط تھے جس سے انہیں کولہوں اور گھٹنوں کو مستحکم رکھنے میں مدد ملتی ہے۔